چنئی: پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ نے چنئی میں اپنے بولنگ ایکشن کا غیر آفیشل تجزیہ کرالیا، گذشتہ روز آئی سی سی کی منظور شدہ بائیومکینک لیب میں انھوں نے اپنے بولنگ انداز کا ٹیسٹ کرایا جس کا نتیجہ 2،3روز میں سامنے آنے کی توقع ہے۔
اس موقع پر حفیظ کی معاونت کیلیے بھارتی آف اسپنر روی چندرن ایشون کے کوچ سنیل سبرامنیم بھی موجود تھے، وہ کئی اسپنرز کو ایکشن بہتر بنانے میں مدد دے چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی نے تامل ناڈو کرکٹ ایسوسی ایشن سے درخواست کی تھی کہ وہ حفیظ کی مدد کیلئے سنیل کو بھیجیں۔ آل راؤنڈر کی بولنگ پر بھارت میں ہی چیمپئنز لیگ کے دوران اعتراض اٹھایا گیا تھا جس کے بعد ان کا نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظبی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ایکشن مشکوک رپورٹ ہوا۔ انھوں نے انگلینڈ کی لفبرا یونیورسٹی میں اپنی بولنگ کا تجزیہ کرایا ۔
جس میں کہنی کا خم مقررہ 15ڈگری کی حد سے کہیں زیادہ نکلا جس کی وجہ سے ان پر انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ پر پابندی عائد کردی گئی۔ حفیظ نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں اپنے بولنگ ایکشن کو بہتر بنانے پر کام کیا، اگر چنئی میں ان کا ایکشن درست قرار پاتا ہے تو پھر آئی سی سی سے باضابطہ ٹیسٹ کیلیے درخواست کی جائے گی،اگر ایسا نہ ہوا تو پھر حفیظ کو اپنے ایکشن کی درستگی پر مزید کام کرنا پڑے گا، ان کی وطن واپسی جمعرات کو شیڈول ہے۔ وہ لاہور آکر ایکشن کی بہتری پر مزید کام کریں گے ۔
742 total views, no views today


