دبئی: ٹیسٹ کرکٹ میں عمدہ پرفارمنس کی بدولت پاکستان بھی ڈالرز کی برسات میں بھیگے گا۔
سیزن کا اختتام رینکنگ میں چوتھے نمبر پر کرنے والے گرین کیپس کو ایک لاکھ 70 ہزار ڈالر کا خصوصی بونس ملے گا، تیسرے نمبر پر موجود انگلینڈ کے ہاتھ 2 لاکھ 80 ہزار ڈالر آئیں گے، ٹاپ پوزیشن پر قبضے کے لیے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان بدستور جنگ جاری ہے۔ ادھر پلیئرز رینکنگ میں کپتان مصباح الحق کی ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں واپسی ہوئی، یونس خان ساتویں نمبر پر براجمان ہیں، ایک درجہ خسارے سے اسد شفیق 18 ویں درجے پر پہنچ گئے، سعید اجمل کی بغیر کھیلے تنزلی کا سلسلہ جاری ہے اور وہ 12ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی رینکنگ کے لیے سالانہ کٹ آف ڈیٹ یکم اپریل ہوتی ہے لیکن چونکہ اس بار فروری اور مارچ میں ورلڈ کپ شیڈول ہے، اس لیے جنوبی افریقہ و ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیاو بھارت کے درمیان بالترتیب2 اور 3 جنوری سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچز سیزن کے آخری پانچ روزہ مقابلے ہیں۔ جنوبی افریقہ ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹرافی حاصل کرنے سے صرف ایک ڈرا میچ دور ہے۔
اگر پروٹیز کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کیخلا ف میچ بے نتیجہ بھی ختم کرتے ہیں تب بھی5 لاکھ ڈالر کیش ایوارڈ کے مستحق ہوں گے، البتہ اگر ہار گئے اور آسٹریلیا نے سڈنی میں بھارت کو شکست دے دی تو پھر کینگروز 0.2 پوائنٹس سے پروٹیز پر سبقت پاکر ٹاپ پوزیشن حاصل کرسکتے ہیں، جو سائیڈ دوسرے نمبر پر رہے اس کے حصے میں 3 لاکھ 90 ہزار ڈالر آئیں گے۔ اس سیزن کے اختتام پرانگلینڈ کی تیسری اور پاکستان کی چوتھی پوزیشن کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
اس لیے انگلش ٹیم 2 لاکھ 80 ہزار اور گرین کیپس ایک لاکھ 70 ہزار ڈالر کے مستحق قرار پائے،اگر پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز ڈرا کرنے کے بجائے جیت جاتا تو اضافی ایک لاکھ 10 ہزار ڈالر پر حق جتا سکتا تھا۔ بیٹنگ رینکنگ میں کپتان مصباح الحق ایک درجہ ترقی پاکر 10 ویں نمبر پر پہنچ گئے، یونس خان اپنی ساتویں پوزیشن بچائے ہوئے ہیں، ٹاپ 20 میں شامل تیسرے پاکستانی اسد شفیق کو ایک درجے خسارے نے 18 ویں نمبر پر پہنچا دیا۔ ایک درجہ ترقی پاکر جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ویلیئرز نے ٹاپ بیٹسمین کا اعزاز کمارسنگاکارا سے چھین لیا، 2 درجہ ترقی پانے والے آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کیریئر بیسٹ پانچویں نمبر پر پہنچ گئے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کولم پہلے ٹیسٹ میں 195 رنز اسکور کرنے کی وجہ سے اپنی بہترین رینکنگ پوزیشن 12 پر آگئے، ویرات کوہلی بھی 169 اور 54 رنز کی اننگز کھیل کر چار درجے ترقی کی بدولت 15 ویں نمبر پر پہنچ چکے۔ بولرز میں جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین کی ٹاپ پوزیشن کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
2 درجے بہتری سے ریان ہیرس دوسرے نمبر پر پہنچ گئے، پابندی کے شکار سعید کی مسلسل تنزلی کی وجہ سے اب ٹاپ ٹین ٹیسٹ بولرز میں کوئی پاکستانی موجود نہیں، سعید ایک درجہ خسارے سے اب12ویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں، جنید خان 17 اور عبدالرحمان 18 ویں درجے پر موجود ہیں۔ ٹاپ ٹیسٹ آل راؤنڈرکا اعزاز بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کے پاس ہی ہے۔
752 total views, no views today


