سوات(سوات نیوز) پاکستان بوائے سکاؤٹس ایسوسی ایشن کے نیشنل کمشنر سردار وقار شہزاد ایڈوکیٹ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بڈئی سیرئی کے متاثرین جن کے 100سے زائد مکانات کو نذر آتش کیا گیا تھا اُن کی مالی مدد کی جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سماجی شخصیت اور پاکستان بوائے سکاؤٹس ایسوسی ایشن کے نیشنل کمشنر سردار وقار شہزاد ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں بڈئی سیرئی میں چند افراد نے 100سے زائد مکانات کو آگ لگا دی تھی جس کے باعث مکانات جل کر خاکستر ہوئے تھے، انہوں نے کہا کہ متاثرین بڈئی سیرئی کے حق میں اُن کی جائیداد کی نسبت عدالت سول جج صاحب سوات سے لے کر عدالت عالیہ پشاور ہائی کورٹ تک فیصلہ جات ہوکر متاثرین کو جائیداد مذکورہ کے مالکان قرار دیا ہے لیکن اس کے باوجود ملزمان نے سینہ زوری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی افراد کے مکانات کو نذر آتش کر کے قانون کا کھلے عام مذاق اُڑایا اور حکومتی رٹ کو چیلنج کیاجو صاحبان اختیار کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملزمان کو گرفتار کیا جائے تاکہ علاقے میں اقوام کے مابین پھیلی ہوئی بے چینی اور تنازعے کا خاتمہ ہو اور قانون کی عملداری بحال ہوتاکہ ضلع سوات میں امن و امان کی بحالی کے دوران سیکورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہ جائے،انہوں نے وزیراعظم پاکستان،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ اور آئی جی پولیس کے پی کے سے مطالبہ کیا کہ متاثرین بڈئی سیرئی کی مالی مدد کی جائے اور ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔
919 total views, 2 views today