سوات(سوات نیوز)سوات کی تحصیل بحرین کے علاقے شاہ گرام مدین میں سیلابی ریلے نے تباہی مچادی۔ بچوں اور خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق، 9 زخمی، 45 گھر، پل، سڑکیں اور راستے پانی میں بہہ گئے۔گذشتہ رات شدید بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے شاہ گرام اور تیرات کے نالوں میں شدید طغیانی آگئی۔ ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم کے مطابق سیلابی ریلوں میں چالیس سے زائد مکانات بہہ چکے ہیں جس کے نتیجے میں گیارہ افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔ چھ افراد کی لاشیں مل گئی ہیں اور پانچ افراد لاپتہ ہیں
جن کی تلاش جاری ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 9 سالہ سمیع اللہ، 1 سالہ رضوان، 3سالہ تنزیلہ بی بی، 18سالہ پلوشہ سکنہ شاہ گرام سمیت 6 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔شیرینہ بی بی، سیع علی، گل عمر، نازو بی بی اور ریحانہ بی بی سکنہ شاہ گرام لاپتا ہیں، جن کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔ زخمی ہونے والے 9 افراد کو طبی امداد کے لئے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ سیلابی ریلے میں تیرات رابطہ پل کا ایک حصہ بہہ چکا ہے، جس کے باعث ٹریفک معطل ہے۔ شاہ گرام رابطہ پل مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے۔ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سوات اور ضلع کونسل میں سابق اپوزیشن لیڈر، وزیر اعلیٰ کے بھائی احمد خان نے متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔
1,000 total views, 2 views today