لاہور(این این ائی ) پنجاب پولیس نے موٹروے زیادتی کیس کے دوسرے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا جس نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کرلیا۔ سی ٹی ڈی پولیس نے موٹروے زیادتی کیس میں ملزم عابد علی کے ساتھی شفقت کو گرفتار کرلیا ہے، جسے خود سے گرفتاری دینے والے ملزم وقارالحسن کے سالے عباس کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔ شفقت کو دیپالپور سے حراست میں لیا گیا اور اسے لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم شفقت سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے اور اس نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ وہ واردات کے روز جائے وقوعہ پر موجود تھا۔ شفقت کا ڈی این اے بھی متاثرہ خاتون کے نمونوں سے میچ کرگیا جس کے نتیجے میں پولیس کے ہاتھ حتمی ثبوت آگیا ہے۔ پولیس کے مطابق پورا گینگ ٹریس کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں اور عابد علی کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
1,045 total views, no views today



