مینگورہ (ناصر عالم سے )تعلیم کے حصول کے لئے صحت مند رہنا اشد ضروری ہے۔ تعلیمی اداروں کے انتظامیہ کا فرض ہے کہ وہ تعلیم وتربیت کےساتھ ساتھ کرونا وبا سے بچنے کے لئے درکار ضروری حفاظتی اقدامات کے بارے میں بچوں کی مناسب رہنمائی بھی کریں۔ یہ باتیں خپل کلی وال تنظیم کے مشاورتی کونسل کے ممبران فضل مولا زاہد اور عرفان اکبر نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کوکاری کے دورہ کے دوران سکول کے اساتذہ اور طلباء سے ملاقات کے دوران بتائیں۔ انہوں نے طلباء اور اساتذہ کو تعلیم کا ٹوٹا ہوا سلسلہ دوبارہ جاری ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ کرونا سے بچاو کے لئے درکار تدابیر کی مکمل پاسداری کرنا ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے کیونکہ اگر خدانخواستہ کسی وجہ سے یہ وبا پھر سے شروع ہو جائے تو سماجی زندگی پھر سےرک جائے گی اور اس کے اثرات کو کنٹرول مشکل ہو جائے گا۔ وفد نے اس دوران میں کلاسوں کا بھی معائینہ کیا، انہوں نے طلبہ سے بات چیت کی اور ان کے مسائل و مشکلات کے بارے میں پوچھا۔ انہوں نے سکول کے پرنسپل میاں شاہ سید اور ٹیچنگ سٹاف کی محنت اور کام میں لگن کی تعریف کی اور مستحق طلبہ کی بنیادی ضروریات پورا کرنے کے لئے مقدور بھر مالی امداد کی فراہمی کا وعدہ کیا۔
967 total views, no views today



