کراچی: پنٹنگولر کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں ورلڈ کپ کے لئے منتخب ہونے والے عمر اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 53 رنز بٹورلیے، پنجاب بادشاز نے 6 وکٹ سے کامیابی سمیٹ کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔
پینٹنگولر کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں سندھ نائٹس کی ٹیم ناکامیوں کے بھنور سے نہیں نکل پائی ، لیگ کے چوتھے اورآخری میچ میں بھی اسے شکست کا سامنا رہا، پنجاب بادشاز نے 6 وکٹ سے کامیابی سمیٹے ہوئے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی، مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، سندھ نائٹس کو پہلا نقصان 27 کے اسکور پر اٹھانا پڑا، اوپنر شرجیل خان 11 رنز بناکر بلاول بھٹی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
ون ڈاؤن فضل سبحان کا وکٹ پر قیام بھی مختصر رہا، انھوں نے رضا حسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہونے سے قبل محض13 کا ہندسہ اپنے نام کے آگے جوڑا، ان فارم اسد شفیق بھی اس مرتبہ 18رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے، انھیں عماد وسیم کی عمدہ فیلڈنگ نے رن آؤٹ کرادیا، سعد علی 9 رنز بناکر رضا حسن کی گیند پر عمراکمل کے ہاتھوں جکڑے گئے، اس مرحلے پر ٹیم کی 4 وکٹیں 79رنز پر گرچکی تھیں، تاہم قائم مقام کپتان انور علی نے خرم منظور کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 83رنز کی ساجھے داری بناکر ٹوٹل کو 162 تک پہنچایا، اس مجموعے پر خرم منظور عماد کی گیند پر ان کے ہی ہاتھوں کیچ ہوگئے، تاہم انور علی ایک اینڈ پر ڈٹے رہے، انھوں نے محمد حسن کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لیے 62 کی پارٹنر شپ قائم کی، انور علی 89 رنز بنانے کے بعد سعد نسیم کی عمدہ فیلڈنگ کے سبب رن آؤٹ ہوئے، سہیل خان 5، تابش خان2 اور شاہزیب احمد2 رنز بناکر پویلین واپس ہوگئے۔
محمد حسن 37اور میر حمزہ 1 پر ناٹ آؤٹ رہے، میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ گنواکر252رنز اسکور بورڈ پر جمع کیے، عماد وسیم سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے، انھوں نے 45رنز دیکر3 مہرے کھسکائے جبکہ رضا حسن کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔پنجاب بادشاہز نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ہدف 41.4 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، ناصر جمشید اور علی وقاص نے ٹیم کو 43 کی بنیاد فراہم کی، اس میں ناصر کا حصہ 26رنز رہا، وہ شرجیل خان کی عمدہ فیلڈنگ کے نتیجے میں رن آؤٹ ہوگئے۔
اسی ٹوٹل پر علی وقاص بھی میدان چھوڑ گئے، انھیں تابش خان نے ایل بی ڈبلیو کیا، وہ 24 گیندوں پر 14رنز اسکور کرپائے، عمر اکمل اور شاہد یوسف نے تیسری وکٹ کے لیے 80 رنز کی ساجھے داری بناکر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا، عمر اکمل نے طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 53رنز بٹورے، انھیں میر حمزہ کی گیند پر خرم منظور نے کیچ کیا، ان کی اننگز میں 10 چوکے شامل رہے، شاہد یوسف نے عمر صدیق کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے مزید79رنز کی شراکت بنائی، جس کے بعد شاہد یوسف 66 کے انفرادی اسکور پر خرم منظور کی عمدہ فیلڈنگ کے سبب میدان بدر ہوگئے، عمر صدیق نے سعد نسیم کے ہمراہ ملکر ٹیم کو فتح کی منزل سے ہمکنار کرادیا، عمر صدیق 62 پر ناقابل شکست رہے جبکہ سعد نسیم نے 17رنز اپنے نام جوڑے، ان کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 54رنز کی ساجھے داری بنی،تابش خان اور سہیل خان نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتاکیا۔
690 total views, no views today


