سوات(سوات نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا عبادت ہے،صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والا ہر فرد ایک عظیم پیشے سے وابستہ ہے،اس پیشے سے وابستہ افراد کا جذبہ خدمت نہ صرف انسانی بقاء کیلئے بلکہ ان کیلئے رضائے الٰہی کا ذریعہ بھی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن سوات کے ایک پروگرام میں اپنے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر ڈیڈیک چیئرمین سوات فضل حکیم خان یوسفزئی،ممبر قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری سلیم الرحمان اور پیرامیڈکل کے صدر خورشید خان نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں پیرامیڈیکل سٹاف ضلع سوات کے عہدیداروں سمیت زنانہ و مردانہ سٹاف نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔محب اللہ خان نے کہا کہ کرونا پر قابو پانے کیلئے اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف نے اہم کردار ادا کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت کی اور کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت اور انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات و ضروریات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے جسے پورا کرنے کیلئے ہم دن رات کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم دونوں ہی عظیم پیشے ہیں اسی وجہ سے حکومت ان دونوں شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔انہوں کہا کہ صوبائی حکومت نے نہ صرف ہزاروں ڈاکٹروں کو تعینات کیا بلکہ دور دراز کے ڈاکٹروں کو خاطر خواہ اضافی الاؤنس بھی دئیے۔اس موقع پر پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن سوات نے صوبائی حکومت کا ملازمین کی اپ گریڈیشن، پروموشن کیلئے سروس سٹرکچر اور نئی پوسٹوں کی منظوری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے فرائض منصبی پوری ذمہ داری اور جذبے کے ساتھ ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
776 total views, no views today



