مینگورہ(سوات نیوز)حکومت عوام کیلئے زحمت بن چکی ہے،ہرطرف مایوسی پھیلی نظر آرہی ہے،حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوامی مشکلات میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہورہاہے،اس وقت عوام بدترین مہنگائی کی لپیٹ میں ہے،حکومت مافیاکے ہاتھ مضبو ط کررہی ہے،لوگوں کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دیاگیا،نہ کسی نے تبدیلی دیکھی اور نہ ہی عوام کو بنیادی سہولیات نظر آئیں،عوامی نیشنل پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو پختون قوم کے حقوق کے حصول اورمسائل کے حل کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے،اپنے دورمیں اے ین پی حکومت نے عوامی سہولت کیلئے جو کارنامے انجام دئے ہیں وہ کسی اہل نظرسے ڈھکے چھپے نہیں،ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی کونسلر نوراحمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت جو نعرے لے کر الیکشن کے میداان میں آئی تھی ان میں سے ایک بھی نعرے کو عملی جامہ نہیں پہنا سکی،عوام کو سبز باغ دکھانے والے ووٹ بٹور کرذاتی مفادات کے حصول اور انتقامی سیاست میں مصروف ہوگئے یہاں تک کہ احتسا ب کی آڑ میں بھی سیاستدانوں کو انتقام کا نشانہ بنایا،اس حکومت نے عوام کو ریلیف دیا اور نہ ہی انہیں درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے یہی وجہ ہے کہ عوام میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی اور ان کا حکمرانوں پر سے اعتماد اٹھ گیا اوراب وہ عوامی نیشنل پارٹی کی طرف پر امید نظروں سے دیکھ رہے ہیں،انہوں نے کہاکہ پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کا دورہ سوات عوامی نیشنل پارٹی کے مزید استحکام اور مقبولیت کا سبب بنے گاان کی قیادت میں تمام کارکن متحد ہیں جو پارٹی کا پیغام گھر گھر اورہرفردتک پہنچانے میں مصروف عمل نظر آرہے ہیں، انہوں نے کہاکہ پی ڈ ی ایم تحریک موجودہ حکومت کے خاتمے پر ہی تکمیل تک پہنچے گی کیونکہ اس وقت تمام سیاسی پارٹیاں عوام کو موجودہ حکمرانوں سے چھٹکارا دلانے کیلئے متحدہوکرمیدان میں ہیں جو بہت جلد اپنے اس نیک مقصد میں کامیاب ہوں گی۔
678 total views, no views today



