سوات(سوات نیوز)ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے مٹہ میں کھلی کچہری منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر سوات جُنیدخان،اے ڈی سی عِرفان علی، اے ڈی سی ریاض علی، اے سی مٹہ لطیف خان اور ضلع کے تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ مقامی افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
عوام کی جانب سے دریائے سوات میں حالیہ غیر قانونی کھدائی اور کرش پلانٹس کے خلاف شروع کی جانے والے کریک ڈاون کو سراہا اور ڈی سی سوات کو کارروائی جاری رکھنے کی اپیل کی۔
تعمیری میٹریل کی جابجا پڑے رہنے کی وجہ سے ٹریفک مسائل، بازاروں میں صفائی اور ٹریفک مسائل، مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ، روڈ منصوبوں کی وجہ سے زرعی زمینوں اور باغات کو درپیش مختلف مسائل، کٹ گاڑیوں اور کرشنگ سے وابستہ روزگار کو درپیش مشکلات، منشیات کی روک تھام اور سرکاری دفاتر میں عوامی مسائل کی شنوائی اور حل میں تاخیر کھلی کچہری میں سر فہرست رہے۔
ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کا اس موقع پر عوامی سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ عوام سے رابطے کو مختلف ذریعوں سے مضبوط سے مضبوط بنا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ ضلعی محکموں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے عوامی تجاویز کا خیر مقدم کرتی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جنید خان نے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جمعہ کے دن تسلسل سے کرنے کا عندیہ دیا۔
جنید خان کا کہنا تھا کہ سرکاری دفاتر میں انتظار کے کلچر کو ختم کر کے تیز ترین سروس ڈیلیوری یقینی بنائیں گے۔
ڈی سی سوات جنید خان نے ضلع بھر کے محکموں کے سربراہان کو واشگاف الفاظ میں احکامات جاری کیں کہ وہ سائلین کے لیے اپنے دفاتر کے دروازے کھلے رکھیں اور اُن کی باتیں تحمل سے سنیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں اور عمومی تعمیراتی کاموں کے لئے میٹر ئیل کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اس لئے اس شعبہ سے بہت سے لوگوں کا کاروبار وابستہ ہوگیا ہے۔ اس شعبہ کے لئے خصوصی پلان لے کر آرہے ہیں تاکہ کاروبار سے وابستہ لوگوں کو مشکلات بھی نہ ہوں اور سوات میں قدرتی ماحول کو بھی خطرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔ ضلعی انتظامیہ و دیگر سرکاری دفاتر عوام کے لئے کھلے ہیں اور شکایات کی صورت میں اب سخت کارروائی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ آغاز ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکار سے ہوگی اور شکایت کی صورت میں پہلے سسپنشن کے آرڈرز ہونگے اور انکوائری بعد میں ہوگی۔ کسی بھی محکمہ میں کرپشن برداشت نہیں ہوگی، میرٹ اور شفافیت اولین ترجیح ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے سوات کے تحصیلوں اور ضلعی صدر مقام میں کھلی کچہری اور ریونیو دربار کے ساتھ ساتھ آن لائن ذریعوں سے رابطوں کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے اس تسلسل کو مذید تیز کرنے کے احکامات جاری کیے۔
1,026 total views, no views today



