لندن: ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے پاک فوج کے جوانوں سمیت ہزاروں بے گناہوں کو شہید کیا اگر میری باتوں پر توجہ دے کر ان کے خلاف کارروائی کی جاتی تو آج سانحہ پشاور جیسی بھاری قیمت ادا نہیں کرنا پڑتی جب کہ ملک میں آج بھی چند عناصر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سے نا خوش ہیں۔
سانحہ پشاور کے شہدا کے چہلم پر لندن سے جاری بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ سانحہ پشاور کے معصوم شہیدوں اور اساتذہ کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اس سانحہ میں معصوم بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو متحد کردیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ پاک سرزمین کو طالبان دہشت گردوں سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کردیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے اس سے قبل بھی پولیس، ایف سی کی چوکیوں اور مسلح افواج کے ہیڈکوارٹرزسمیت دیگرحساس مقامات پر حملے کئے اور ہمارے افسروں جوانوں سمیت ہزاروں بے گناہ افراد کوشہید کیا جب کہ یہ دہشت گرد جس وقت منظم ہورہے تھے اس وقت میری باتوں پر توجہ دے کر ان کے خلاف کارروائی کی جاتی تو آج ہمیں سانحہ پشاور جیسی بھاری قیمت ادا نہیں کرنا پڑتی۔
قائد ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ آج بھی چند عناصر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سے نا خوش ہیں اور یہی وہ عناصر ہیں جو قوم کو الجھانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں لیکن وقت آگیا ہے کہ پوری قوم مسلح افواج کا بھر پور ساتھ دے کر اپنی افواج کے ہاتھوں کو مضبوط کرے اور دہشت گردو ں اور ان کے سرپرستوں کے اصل چہرے بے نقاب ہوتے ہوئے دیکھ لے۔
283 total views, no views today


