کراچی(ان لائن )کراچی پولیس کا ایک اورمقابلہ جعلی نکلا،3 جنوری کوسائٹ اے تھانے کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران جاں بحق ہونے والا گلگت ہنزہ کا نوجوان ابتدائی انکوائری کے بعد تحقیقاتی رپورٹ میں بھی بے قصورقرارپایا۔ ایس ایس پی ملیرنے تحقیقاتی رپورٹ مرتب کرلی ،جعلی پولیس مقابلے میں ملوث دونوں پولیس اہلکار مفرور ہیں جن کی گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ 3 جنوری کو سائٹ اے پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ہنزہ کے رہائشی نوجوان سلطان نذیر کو ہلاک کرنےکا دعویٰ کیا تھا تاہم متوفی نوجوان کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ سلطان نذیر کوموٹر سائیکل چلانا نہیں آتی تھی ۔ اسی لیے وہ گارڈن سے آن لائن موٹر سائیکل سروس بک کراکر میٹروویل سائٹ ایریا میں اپنے عزیزوں کے گھرسوئم میں شرکت کے لیے گیا تھا اور واپسی پراسےسائٹ حبیب بینک چورنگی کے قریب جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا گیا اورپولیس نے سلطان نذیرکے پاس تمام دستاویزات موجود ہونے کے باوجود اہلخانہ کو اطلاع نہیں دی تھی۔
692 total views, no views today



