سوات ،ملک خداد اد پاکستان جو کلمہ کی بنیاد پر بنا اس میں بے حیائی ، یورپ جیسے مادرپدر آزاد تہذیت وکلچر کی کوئی گنجائش نہیں۔دنیاکو امن چاہیے تو اسوہ رسول ﷺ پر عمل کریںآج دنیا کا امن تباہ ہے قوموں نے آفاقی ہدایت سے منہ موڑا اللہ تعالیٰ نے ان پر ذلت اوربدامنی مسلط کر دی ۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کی خاتون رکن قومی اسمبلی عائشہ سید نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین ہری پورکے زیر اہتمام ٹاؤن ہال ہری پورمیں پیغام سیرت النبی ﷺ کانفرنس میں شریک خواتین شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع ہر ی پورکی ناظمہ عطیہ یوسف ، شہر کی ناظمہ نسرین فردوس سمیت سینکڑوں خواتین نے اس کانفرنس میں شرکت کی ۔ عائشہ سید نے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے رحمت کا درس دیا اور رحم کر کے دکھایا ۔عورت کو عظمت کا جو مقام آپ ﷺ نے دیا دنیا میں عورت کے حقوق کی بات کرنے والے اس کی کوئی مثال و نظیر نہیں پیش کر سکتے ۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانیت کو انسانیت کی معراج پر پہنچایا ۔امت کی ماؤں ، بہنوں اور بیٹیوں نے اسوہ رسول ﷺ پر عمل کیا تو وہ دنیا کی سردار بن گئی ۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی سیرت مطہرہ ہمارے لئے کامل و اکمل نمونہ ہے۔ اور دین اسلام پوری زندگی گزارنے کا لائحہ عمل دیتا ہے۔ اور محسن انسانیت ﷺ پر نازل ہونے والے قرآن عظیم الشان کی تعلیمات سید انسانیت ﷺ کی پوری حیات مبارک میں دیکھی جاسکتی ہیںآج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم خواتین امہات و سیرت صحابیات کو اپنی زندگی کا اوڑنا بچھونا بنا لیں کیونکہ انہوں نے حضور ﷺ سے براہ راست اکتساب فیض حاصل کیا ہے ۔دین اسلام نے عورت کو ماں بہن اور بیٹی ، بیوی کی صورت میں جو عزت و عظمت دی ہے اس کی کوئی مثال دنیا میں نہیں ملتی عورتوں کے حقوق کی باتیں کرنے والے پوری دنیا کے دیگر مذاہب اور دین اسلام میں عورتوں کو دی جانے والی عظمت کا موازنہ کریں تو پتہ چلے گاکہ اسلام نے عورت کو کتنی عزت و تکریم دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ و امریکہ نے عورت نام کی شے کو بازار کی جنس بنا کے رکھ دیا ہے ۔ عورت آج مغرب میں جتنی غیر محفوظ ہے دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔ آج ہم بھی مغر ب کی اندھی تقلید کر کے ان جیسا بننے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ممبر قومی اسمبلی عائشہ سید نے کہا کہ عورت کو صرف اور صرف دین اسلام اور حضور ﷺ کی تعلیمات نے دنیا کی بہترین عزت و عظمت کی علامت بنا یا ہے۔پوری انسانی تہذیبی تاریخ میں صرف محمد ﷺ ہی وہ عظیم ہستی ہیں کہ
جن کی زندگی کے ہر عمل کو ہمارے محدثین اسلام نے محفوظ کیاہے۔ آج مغرب نے ہمارے دین اسلام کو ہدف بنایا ہوا ہے حالانکہ تمام یورپ نے اسلامی تعلیمات کو فالو کر کے دنیا میں ترقی کی ہے۔ خلفاء راشدین رضوان اللہ علیہم اجمعین کا دورِ خلافت مسلمانوں کا بہترین دورِ حکومت تھا ۔آج یورپ نے اسی خلافت راشدہ کے نظام کو فالو کر کے ترقی کی اور مسلمانوں کو فرقوں میں بھانٹ کر اقتدار اپنے من پسند غلاموں کے ہاتھ دے دیا ۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم قرآن و سنت ﷺ کی حقیقی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔اور ایک مسلمان قوم کی صورت گری میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ بعد ازاں خواتین نے فرانس میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں کے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا ۔ اس مظاہرے سے عائشہ سید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت فرانس سے تمام تر سفارتی و تجارتی تعلقات کو ختم کرے ۔ اور نبی اکرم ﷺ کی شان میں گستاخی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ او آئی سی کا اجلاس بلا کر تمام عالم اسلام فرانس کی اس گستاخانہ جسارت کے خلاف متحد ہو کر جواب دے اور اقوام متحدہ میں ایک متفقہ قرار داد کے زریعہ سے قانون سازی کی جائے کہ جس میں تمام مذاہب وادیان کی حرمت کی کوئی خلاف ورزی نہ کر سکے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہماری حکومت فرانسیسی سفیر کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک بدر کیا جائے۔
384 total views, no views today


