لاہور(ان لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے تین سال محض انتقامی کارروائیوں میں ضائع کئے، تین سال تک توانائی صرف الزام تراشی، پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت کو جیلوں میں ڈالنے اور من گھڑت کیسز بنانے سے عوام کے آنکھوں دھول نہیں جھونکا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے اس بچگانہ حکمت عملی نے صرف اور صرف پاکستان کو معاشی اور اقتصادی طور پر کمزور کردیا، تین سال تک ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے بعد بھی بدعنوانی ثابت نہ ہونا اس بات کی واضح دلیل ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت نے اپنی توانائی سیاسی انتقام، الزام تراشی اور من گھڑت کیسز کی بجائے ملک کی ترقی، عوام کی فلاح و بہبود ،جمہوریت کی بقاء اور آئین کی بالادستی میں صرف کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور نیب کورٹ میں میاں شہباز شریف اور خواجہ آصف سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ بہت جلد ہی پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شہباز شریف اور خواجہ آصف بھی عوام کے درمیان ہوں گے، انشاءاللہ بہت جلد اللہ کے فضل وکرم اور عوام کے ووٹ کی طاقت سے ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ ن برسر اقتدار آئے گی اور ترقی کا دور دورہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 10اپریل کو عوام ڈسکہ میں ووٹ چوروں کیخلاف اپنے ووٹ کے ذریعے فیصلہ دے گی، ملک چلانا عمران نیازی اور اسکے ٹولے کی بس کی بات نہیں کیونکہ ان کا کام صرف دشنام طرازی اور الزام تراشی ہے۔
انہوں نے کہاں کہ جہانگیر ترین کا معاملہ ان کا اندرونی معاملہ ہے تاہم یہ بات پھر ثابت ہوگئی کہ عمران نیازی کو عوامی تائید نہیں بلکہ جہانگیر ترین کی جہاز کی تائید حاصل تھی اور اب وہ کہتے ہیں کہ پنجاب اور سنٹر کی حکومتیں میرے جیب میں ہے تو عمران نیازی قوم کو بتائیں کہ اس کے پاس کیاہے؟
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں رہنا نہ رہنا ہر ایک پارٹی کا اپنا فیصلہ ہے مگر پی ڈی ایم ایک انتخابی اتحاد نہیں بلکہ عوام کو ان نالائقوں سے جان چھڑانے کے لئے بنی تھی اب جو بھی اس سے ہٹے گی عوام کی نظروں سے گرے گی۔
767 total views, no views today



