بٹ خیلہ(سوات نیوز)مالاکنڈ کے شہر بٹ خیلہ میں کھلی کچہری کاانعقاد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنرسہیل خان اور سرکاری اداروں کے ضلعی سربراہان کے علاوہ معززین علاقہ اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر علاقے کے لوگوں نے ڈپٹی کمشنر کو مختلف مسائل اور مشکلات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا جن میں زیادہ تر مسائل کا تعلق خود ساختہ مہنگائی ،گرلز کالج،پولی ٹیکنیکل کالج اور گرلز پرائمری سکول کے لیے مستقل عمارت تعمیر کرنا،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ میں سہولیات کے فقدان،محکمہ صحت،تعلیم،مواصلات و تعمیرات،سوئی گیس،بجلی کی لوڈشیڈنگ، آبنوشی کے بوسیدہ پائیپوں کو ٹھیک کرنا،بجلی کی بوسیدہ تارو کی تبدیلی،ماربلز فیکٹریوں کی بندش اور منشیات سے متعلق مسائل شامل تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی مسائل و مشکلات کا من و عن ازالہ کرنا حکومت وقت اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ دن رات کام کر رہی ہے۔انھوں نے موقع پر متعدد مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو عملی اقدامات اٹھانے کیلئے ہدایات جاری کئے اور ساتھ ہی لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ تمام شکایات و مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔جس کے لیے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ز اور ضلعی محکموں کے افسران کو واضح ہدایات جاری کئے گئے ہیں۔انھوں نے سرکاری آٹے کے معیار اور وزن کو برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع ملاکنڈ کو منشیات کے ناسور سے مکمل طور پر چھٹکارا حاصل کرنے اور ہر قسم کی منشیات کی لعنت سے پاک صاف کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں ملاکنڈ کے غیور عوام ضلعی انتظامیہ سے بھر پور تعاون کریں۔انھوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں عوام کے لیے اسانیاں پید اکرنا اور ان کو زندگی کی بنیادی ضروریات ان کی دہلیزپر فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے انھوں نے تمام ضلعی محکموں کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے دفتروں میں حاضری کو یقینی بنائیں اور لوگوں کے مسائل اور مشکلات کو بروقت حل کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں بصورت دیگر غیر حاضر ی اور عوام کے مسائل میں عدم دلچسپی لینے والے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔
825 total views, no views today



