سوات(سوات نیوز)چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا ہے کہ مشکل معاشی حالات میں بھی عوام دوست اور غریب پرور بجٹ لے کر آرہے ہیں، نئے مالی سال کا بجٹ صوبے خصوصا ملاکنڈ ڈویژن کے لئے ایک تحفہ ہو گا، ریکارڈ ترقیاتی کاموں کے لیے ترقیاتی بجٹ میں بھی اضافہ کیا جائے گا، فلاحی کاموں کے لیے خصوصی رقم مختص ہوگی، جبکہ سرکاری ملازمین کو بھی ریلیف فراہم کی جائے گی۔ نئے مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے ایک بیان میں چیئرمین ڈیڈیک کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی محمود خان کی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے صوبہ پچھلے سال کے تمام اہداف کو مکمل کرنے میں کامیاب رہا ہے، اگرچہ کورونا وبائی صورتحال معیشت کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج تھا مگر صحیح فیصلوں اور منظم منصوبہ بندی سے اس مشکل پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے۔ کورونا وبائی صورتحال کی وجہ سے مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا اور اضافے کو دیکھتے ہوئے مزدور طبقے اور سرکاری ملازمین کے لیے ویجز اور تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی محمود خان نے اعلان کیا ہے کہ مزدور کی یومیہ اجرت 17 ہزار سے بڑھا کر 21 ہزار کردی گئی ہے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بھی 25 فیصد اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ آنے والا بجٹ صوبہ خصوصاً پسماندہ علاقوں کے لیے نئی نوید لے کر آئے گا اور صوبہ ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والے بجٹ میں عوامی رائے کو اہمیت دیتے ہوئے عوامی مشاورت اور سروے سے استفادۃ کیا گیا ہے کیونکہ موجودہ صوبائی حکومت سمجھتی ہے کہ عوام کا پیسہ عوامی ضروریات پر عوامی امنگوں کے مطابق خرچ ہونا چاہیے۔
995 total views, 2 views today