لاہور: قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز کے باہر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ پولیس اہلکاروں سمیت متعدد زخمی ہوئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے ایجرٹن روڈ میں واقع قلعہ گوجر سنگھ پولیس لائنز کے ساتھ واقع ہوٹل کے باہر کھڑی گاڑیوں کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکاروں سمیت متعدد زخمی ہوئے، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریب کھڑی گاڑیوں کو آگ لگ گئی جب کہ اطراف کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے،
شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں اور لاشوں کو میو اور گنگا رام اسپتال پہنچایا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم زخمیوں سے بھی کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، واقعے کے بعد شہر کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
واقعے کے فوری بعد پولیس نے جائے وقوعہ کی جانب تمام راستوں کو عام افراد کی آمدو رفت کے لئے بند کردیا اور اطراف کی عمارتوں پر ایلیٹ فورس کے اہلکار تعینات کردیئے گئے، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ 12 بج کر 36 منٹ پر ہوا جس میں سب انسپکٹر سمیت 5 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوئے، دہشت گرد کا ہدف پولیس لائنز ہی تھا تاہم وہ سخت سیکیورٹی کے باعث اندر داخل نہ ہوسکا جب کہ دھماکے میں 5 سے 8 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
دوسری جانب وزیر اعظم نواز شریف نے واقعے کی مذمت اور نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت سے اس کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
334 total views, no views today


