پشاور(پریس ریلیز) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام ٹریفک ہیڈ کوارٹرز میں چیف ٹریفک آفیسر کی سربراہی میں محرم الحرام کے دوران بہترین ڈیوٹی انجام دینے پر ٹریفک افسران اور اہلکاروں میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹرز فضل احمد جان‘ ایس پی کینٹ ٹریفک امان اللہ‘ ایس پی سٹی ٹریفک طاہر وزیر سمیت ڈی ایس پیز اور دیگر ٹریفک افسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے محرم الحرام کے دوران بہترین ڈیوٹی انجام دینے پر اور ٹریفک پلان پر من و عن عملدرآمد کرتے ہوئے شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے پر افسران اور اہلکاروں میں نقد انعامات اور توصیفی اسناد تقسیم کئے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کو اپنی ترجیح سمجھتی ہے انہوں نے کہا کہ ٹریفک افسران اور اہلکاروں نے محرم الحرام کے دوران جس طریقے سے ٹریفک نظام کو چلایا اس پر افسران اور اہلکاروں کو داد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ٹریفک ڈائیورژن کئے گئے تھے جبکہ تجاوزات کا مکمل خاتمہ کردیا گیا تھا جس کے باعث محرم الحرام کے دوران شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے محرم الحرام کے دوران ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے آئی ٹی اصلاحات کا استفادہ کردہ ہوئے شہریوں کو یوٹیوب‘ فیس بک‘ ٹوئٹر اور ایف ایم ریڈیو 88.6 پر شہریوں کو آگاہی دی جس کو شہریوں کی جانب سے کافی سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس نے محرم الحرام کے دوران بھی ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے سمیت شہر بھر میں دیگر جاری مہمات میں بھر پور کارروائیاں عمل میں لائیں اسی طرح ڈبل سواری کے مرتکب ہزاروں افراد کے خلاف کارروائیاں عمل میں لا کر ان سے موٹر سائیکلیں ٹرمینل میں بند کردیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے جبکہ شہری بھی سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ساتھ مکمل طور پر تعاون کرتے ہوئے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
436 total views, no views today



