اسلام آباد:(ان لائن) حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے حکومت کے خلاف وائٹ پیپر شائع کر نے کااعلان کر دیا جبکہ 26 ستمبر کو اسلام آباد میں وسیع البنیاد کنونشن کا انعقاد ہوگا۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی احتجاجا واک آؤٹ کیا جائے گا ۔ پی ڈی ایم کا اجلاس مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہوا ۔اجلاس کے بعد ترجمان حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ اجلاس گفت و شنید کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ پی ڈی ایم وائٹ پیپر شائع کیاجائےگا ۔ موجودہ نالائق حکومت کی سیاہ کاریوں اور ناکامیوں کو آشکار کیا جائیگا،عوام کو حقائق سے اس وائٹ پیپر کے ذریعے آگاہ کرینگے حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو پی ڈی ایم نے مسترد کردیا ہے اور یہ 25 جولائی 2018کا ایکشن ری پلے ہے ۔یہ دھاندلی کا ایک منصوبہ ہے جس کی اجازت اپوزیشن نہیں دے گی۔قائمہ کمیٹی سینیٹ میں جس طرح وفاقی وزرا اعظم سواتی اور بابر اعوان نے جواب کی بجائے الیکشن کمیشن و پارلیمنٹ کی توہین و بے توقیری کی ،یہاں تک کہ الیکشن کمیشن کو آگ لگانے کی بات بھی وفاقی وزرا نے کی، یہ حکومتی رویہ قابل مذمت ہے۔ پی ڈی ایم کے ترجمان نے بتایا کہ 14 اکتوبر کو مفتی محمود کانفرنس، 16 اکتوبر کو فیصل آباد 31 اکتوبر کو ڈی آئی خان میں پی ڈی ایم جلسہ کا انعقاد کرے گا ۔جلسوں کے انعقاد کے بعد روڈ کاررواں اور پھر لانگ مارچ ہوگا جبکہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں جائینگے اور احتجاجاً واک آوٹ کریں گے۔
482 total views, no views today



