(انٹرویوناصرعالم)
عوامی نیشنل پارٹی کے نومنتخب ضلعی جنرل سیکرٹری خواجہ محمدخان نے کہاہے کہ ہم پورے خطے میں پائیدارامن کے خواہاں ہیں جس کا زندہ ثبوت اے این پی کے دوراقتدارمیں کشیدہ حالات میں ہماری پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں کی قربانیاں ہیں جو تاریخ میں نمایاں الفاظ میں لکھی جائیں گی،اب بھی ہمارے کارکن امن کا پیغام پھیلا رہے ہیں،امن کے بغیرزندگی کا پہیہ چلانا مشکل ہے یہی وجہ ہے کہ پختون قوم نے ہمیشہ اپنے اداروں کے ساتھ مل کر امن کے قیام کے لئے عملی کوششیں کی ہیں، ضرورت پڑنے پر مزید قربانیاں بھی دیں گے،ان خیالات اظہار انہوں نے گذشتہ روز پارٹی کی جنرل سیکرٹری شپ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،
انہوں نے کہاکہ پارٹی قیادت نے ضلع سوات کی جنرل سیکرٹری شپ کی ذمہ داری سونپ کر مجھ پر جو اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا،ورکرزکنونشن منعقد کررہے ہیں،مختلف علاقوں کے دورے بھی شروع کئے،کارکنوں سے ملاقاتیں بھی کررہے ہیں،اے این پی میں یہ روایت ہے کہ اس کی لیڈر شپ کارکنوں کی رائے اور مشوروں کو فوقیت دیتی ہے،ہم فیصلے ملسط نہیں کرتے بلکہ باہمی مشاورت سے ایسے فیصلے کرتے ہیں جو تمام کارکنوں کو قابل قبول ہوتے ہیں،ہم شروع سے ہی عوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ وابستہ ہیں اورہمارا جینا مرنا اسی پارٹی کے ساتھ ہیں،باچا کے فلسفہ عدم تشدد پر عمل پیرا ہوکر امن کا پیغام عام کررہے ہیں اور اسے ایک مشن کے طورپر چلارہے ہیں جس کی پاداش میں ہم نے تکلیفیں اورصعوبتیں برداشت کی ہیں مگر صدائے حق کو بلند کرنے کاسلسلہ جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ امن اور برداشت کا دامن نہیں چھوڑا،انہوں نے کہاکہ ہم صرف پختونوں نے نہیں بلکہ اس ملک میں بسنے والی ہر قوم کے حقوق کے بات کرتے ہیں جبکہ جو بھی پارٹی مشکل میں ہو تو سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مشکل وقت میں اس کا ساتھ دیتے ہیں،
تاریخ گواہ ہے کہ عوامی نیشنل پاٹی نے کبھی بھی اصولوں پر سودا بازی نہیں کی ہے حق کا ساتھ دیا،حق کا ساتھ دیں گے اور حق کی آواز بلند کریں گے،انہوں نے کہاکہ ہم اقتدارسے باہررہ کر بھی جمہوریت کے استحکام کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لارہے ہیں مگر موجودہ حکومت نے عوام کو محرومی،مایوسی اور مسائل ومشکلات کے سوا کچھ نہیں دیا،روزانہ کی بنیادپر مہنگائی میں اضافہ ہورہاہے،ادویات سے لے سبزیوں تک کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں،عوام ذہنی کرب اورکوفت میں مبتلا ہیں،ان کا پیمانہ صبر لبریز ہوچکاہے جو کسی بھی وقت اس نااہل حکومت کیخلاف سڑکوں کا رخ کرسکتے ہیں،انہوں نے کہاکہ اس حکومت نے عوام کو پریشانیاں دیں اور ہم اقتدارمیں عوامی پریشانیوں کا ازالہ اور خاتمہ کریں گے۔
848 total views, 2 views today