سوات، جی او سی سوات ڈویژن میجر جنرل جاوید بخاری نے چترال کا دورہ کیا۔ وادی کیلاش کے دورے کے دوران رمبور ، بریر اور بمبوریت وادیوں میں آباد کیلاش مذہب کے پیروکاروں اور مسلمان ذعما ء پر مشتمل وفود نے ان سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نعیم اقبال ، ڈی پی او غلام حسین اور دیگر فوجی و سول افسران بھی موجود تھے۔
عمائدین نے انہیں علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا جس میں چترال اور نواح میں واقع وادیوں میں اہم سڑکوں خاص طور پر وادی کیلاش کی سڑک کی مرمت اور تعمیر و بیروزگاری جیسے مسائل پر روشنی ڈالی گئی۔ مسلمان عمائدین نے کیلاش تہذیب و ثقافت اور اس کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ صدیوں سے ہم اور کیلاش قبائل مثالی اتحاد و یگانگت کے ساتھ ان وادیوں میں آباد ہیں ۔کیلاش ثقافت نہ صرف چترال بلکہ پاکستان کا بھی تشخص ہے اس ثقافت کی حفاظت ہم ہر صورت میں کریں گے۔ کیلاش عمائدین نے کہا کہ کیلاش ایک چھوٹی اقلیت ہیں جن کی حفاظت علاقے میں موجود مسلمانوں نے ہمیشہ مذہبی فریضہ کے طور پر اور اپنی جان سے بڑ ھ کر کی ہے ۔جنرل جاوید بخاری نے عمائدین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمارے لئے چترال کے تمام رہائشی بلا تشخیص رنگ و مذہب و لسانیت یکساں قابل صد احترام ہیں ۔ تاہم علاقے میں کہیں بھی کسی قسم کی بھی دہشت گردی کی کاروائی یا کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا چاہے دہشت گردوں کاتعلق کسی بھی مذہب ، گروہ یا فرقے سے ہو۔ چترال کے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے انہوں نے مکمل طمانیت کا اظہار کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہا۔جنرل جاوید بخاری نے عمائدین سے چند امور پر تعاون کی بھی اپیل کی جس میں انہوں نے کہا کہ چیک پوسٹ آپ کی حفاظت کے لئے لگائی گئی ہیں اس لئے دوران چیکنگ تحمل کا مظاہرہ کریں ۔ سول آبادی بھی دفاعی میکنزم کا حصہ ہے اس لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے معلومات کا تبادلہ کو یقینی بنائیں۔ اس سے علاقے کی حفاظت میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے تمام عمائدین کو یقین دلایا کہ پاک فوج ان کی حفاظت کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔ عمائدین علاقہ نے جی او سی کی آمد کے لئے تہہ دل سے ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
412 total views, no views today


