کراچی: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں امن و امان کے لئے آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ کراچی میں نویں ’’پاکستان ایکسپو‘‘ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معاشی طاقت ہے، ہمیں خطے میں معاشی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے زیادہ توجہ کی ضرورت ہے، یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس پاکستان کی بڑی کامیابی ہے،
پاکستان کی برآمدات 25 ارب کے لگ بھگ ہیں جسے آئندہ 3 برس میں 50 ارب ڈالر تک لے جایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے بھی بھرپوراقدامات کررہی ہے، حکومت نے اس سلسلے میں آئندہ 25 برسوں کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی ہے۔ پاکستان اگلے 3 سال میں بجلی کے بحران پر قابو پالے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کے ڈیڑھ سال مسائل کو قابو میں لانے کے لئے گزرے ہیں، اس سلسلے میں ہم نے ٹھوس فیصلے کئے ہیں جن میں آپریشن ضرب عضب بھی شامل ہے، کراچی میں امن و امان کے لئے بہت پہلے فیصلے کئے جانے چاہئیں تھے۔ کراچی سے ان کی بھی بہت اچھی یادیں وابستہ ہیں، ڈیڑھ سال قبل شہر قائد میں امن و امان کی صورت حال انتہائی مخدوش تھی، حکومت نے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر آپریشن کا فیصلہ کیا، جس کی وجہ سے اب صورت حال بہت بہتر ہے اور آئندہ اس میں مزید بہتری آئے گی۔ شہر میں امن کے لئے آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ 2018 تک کراچی ایک پر امن شہر بن جائے گا۔
بعد ازاں پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس میں جدید ترین لڑاکا طیاروں کی اسکواڈرن 4 بیڑے میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سلامتی سے متعلق نازک دور سے گزر رہا ہے، ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات درپیش ہیں، ہمارے موقف کی سچائی ہماری قوت ہے جسے بین الاقوامی سطح پر بھی تسلیم کیا جارہا ہے۔ ہمارا عہد ہے کہ سلامتی اور داخلی خودمختاری کی حفاظت ہر قیمت پر کی جائے گی۔ اس کے لئے قوم یکسوئی کےساتھ پاک فوج کےساتھ ہے۔ پاک فضائیہ کو جدید ترین جنگی ساز و سامان سے لیس کیا جارہا ہے جس سے انہیں مزید بہتر نتائج پیش کرنے کا موقع ملے گا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، حکومت ملک کو پرامن فضا میں رہتے ہوئے معاشی اور اقتصادی خوشحالی سے ہم کنار کرنا چاہتی ہے۔ ہم نے حکومت سنبھالتے ہی معاشی ترقی کو سرفہرست رکھا اور ایسے اقدامات شروع کئے جن سے ملک میں معاشی سرگرمیاں تیز ہورہی ہیں۔ تمام تر مشکلات کے باوجود ہم قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے ترقی کی منزل حاصل کرلیں۔
360 total views, no views today


