لاہور(اے پی پی)وزیراعظم عمرا ن خان نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے ،ضلع اور تحصیل کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کی گئی ہیں، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈائون جاری رہے گا، پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، قانون کی بالا دستی کو یقینی بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان بھی موجود تھے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کو صوبے کے انتظامی اور ترقیاتی امور پر بریفنگ دی گئی۔ مزید جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی سکیموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ملاقات میں وزیر اعظم کو مہنگائی پر قابو پانے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی تکلیف سے پوری طرح آگاہ ہے اور پائیدار اقدامات کرکے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔
469 total views, 2 views today