اسلام آباد(ان لائن) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے جماعت اسلامی نے انتخابی اصلاحات کا مسودہ چیف الیکشن کمشنر کے حوالے کیا۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کا انتخابی اصلاحات کا مسودہ چیف الیکشن کمشنر کے حوالے کیا۔ الیکشن کمشنر نے ہماری تجاویز کو سنا اور اسے سراہا۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی کے لئے شفاف الیکشن ناگزیر ہیں۔ جماعت اسلامی شفاف اور غیرجانبدار انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے۔ ملکی سلامتی کے لئے شفاف اور غیر جانبدار انتخابات ناگزیر ہیں۔الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری میں تاخیر حکومت کا غیر آئینی رویہ ہے ۔ حکومتی ترجمان آمرانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے آئینی ادارے پر حملہ آور ہیں ۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت نے انتخابی اصلاحات، نیب، پارلیمنٹ کی کارکردگی کو صفر کردیا ۔ آرڈیننسز سے قانون سازی کی جارہی ہے ۔ بلوچستان حکومت کی نا اہلی اس کے زوال کا باعث بنی جبکہ پنجاب، خیبرپختونخواہ اور وفاقی حکومت کو بھی اسی انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔
926 total views, 2 views today