پشاور(سوات نیوز)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے دورہ کوباٹ کے موقع پر پولیس افسران و جوانوں کے دربار سے خطاب کیا اور پولیس افسران و جوانوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔
پولیس دربار میں کوہاٹ پولیس کے مختلف یونٹوں کے ہر رینک کے افسروں و جوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دربار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی معظم جاہ انصاری نے کہا کہ قانون و انصاف کی بالادستی اور پولیس فورس کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ خیبر پختونخوا پولیس فورس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔ پولیس کی قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ آئی جی پی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے افسروں اور جوانوں نے قوم کے درخشندہ مستقبل کیلئے اپنے آج کو قربان کرکے سنہری تاریخ رقم کی ہے. دہشتگردی کے خلاف جنگ کے تجربے سے خیبرپختونخوا پولیس امن کی ضامن بن چکی ہے۔ اور کہا کہ عوام کو خدمات کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ اور دربار کے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کیساتھ حسن اخلاق کا مظاہرہ کرکے روایتی تھانہ کلچر کی تبدیلی میں اپنا کردار ادا کریں۔ آئی جی پی نے کہا کہ پولیس جوانوں نے ملک سے پولیو جیسے موزی مرض کے خاتمے کیلئے اپنی خدمات جانفشانی سے ادا کرکے ملک کے معماروں کا مستقبل سنوارا ہے. اپنی آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے پولیس اپنی پیشہ وارانہ خدمات بطریق احسن ادا کرتی رہے گی۔ آئی جی پی کا کہنا تھا کہ پولیس جوان خوش اخلاقی، ایمانداری اور کام سے لگن کو اپنا شعار بنائیں۔ عوام کیلئے آسانیاں پیدا کریں اور کسی بھی موقع پر صبر کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں اور کہا کہ پولیس فورس کی ویلفیئر کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور فورس میں رائج ترقی کے منظم نظام کے تحت ہر ایک پولیس افسر اور جوان کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔پولیس دربار میں افسروں و جوانوں نے اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل پیش کئے۔ آئی جی پی نے ان کی تمام معروضات توجہ سے سننے کے بعد بعض مسائل کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کئے جبکہ چند ایک پر متعلقہ حکام سے ضروری رپورٹس طلب کرکے ان کے حل کا بھی یقین دلایا۔
678 total views, no views today



