سوات:خیبر پختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ سوات میں 20 کنال اراضی پر محیط شموزئی ڈگری کالج سوات کی تعمیر پر 30 کروڑ روپے خرچ کر رہے ہیں۔ حلقہ پی کے 6 سوات میں کئی ہائی سکولوں کو ہائیر سیکنڈری جبکہ مڈل کو ہائی اور پرائمری سکولوں کو مڈل کا درجہ دلانے سمیت حسب ضرورت کئی علاقوں میں بچوں اور بچیوں کے لئے نئے پرائمری سکولوں کی تعمیر بھی یقینی بنائی۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی نے شموزئی ڈگری کالج سوات کی جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے وقت میڈیا سے اپنی بات چیت میں کیا۔
انہوں نے شموزئی ڈگری کالج کے دورہ کے موقع پر انتظامیہ کو ضروری ہدایات و احکامات بھی جاری کئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ پہلے یہاں پر کالج کے نہ ہونے کی وجہ سے بچے 30 کلومیڑتک کا فاصلہ بمشکل طے کرکے دور دراز کے کالجوں کو جایا کرتے تھے۔ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ موجودہ حکومت نہ صرف تعلیم کی اہمیت کو احسن طریقے سے اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے بلکہ تعلیم کے حصول کے اس عظیم مقصد کیلئے سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنا رہی ہے تاکہ نئی نسل بہتر و معیاری تعلیم سے روشناس ہوکر قوم و ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ شموزئی ڈگری کالج سوات کی تعمیر میں تمام ضروریات و سہولیات کو مدنظر رکھے ہوئے ہیں اور اس پر کام بھی تیزی سے جاری ہے جس میں کلاس رومز، لائبریری اورجدید سائنس و کمپیوٹر لیبز کے بشمول کانفرنس ہال، کھیل کا میدان اور ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ہاسٹل کی تعمیر بھی شامل ہے۔
724 total views, no views today



