سوات: اسسٹنٹ کمشنر بریکوٹ نے والئی سوات کے اختیارات کا استعمال شروع کردیا۔ دفعہ107 میں ضمانت دینے کی بجائے لوگوں کو جیل بھیجنا شروع کردیا۔ ایک نوجوان معراج محمد خان کے والد مصر شاہ نواب نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ گذشتہ روز غالیگے پولیس نے ان کے 22 سالہ بیٹے کو 107 دفعہ میں چالان کردیا جو قابلِ ضمانت دفعہ ہے۔ مچلکے بھرنے کے باوجود اسسٹنٹ کمشنر نے اس کو جیل بھیج دیا۔ ان کے مطابق اگلے روز جب ہم نے دوبارہ مچلکے جمع کرائے، تو انہوں نے پھر ضمانت دینے سے انکار کردیا۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سید منورشاہ نے رابطہ پر باخبر سوات ڈاٹ کام کو اس بات کی تصدیق کی اور کہا کہ اس مقدمہ کو میں نے بہت غور سے دیکھا ہے۔ دفعہ 107 میں اس نوجوان کی ضمانت منسوخ کی ہے۔ دوسرے فریق کی رہائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب معراج محمد خان کو میرے فیصلے کے خلاف سیشن جج سے اپیل کرنا پڑے گی۔ بعد میں ڈپٹی کمشنر سوات کی مداخلت پر اسسٹنٹ کمشنر نے نوجوان کی رہائی کا حکم نامہ شام کے وقت دفتری اوقاتِ کار کے بعد جاری کردیا۔ اس سلسلے میں سینئر وکیل اورنگزیب نے مشرق کو بتایا کہ دفعہ107 میں اگر مچلکے ہو ں، تو اسسٹنٹ کمشنر کو کوئی حق حاصل نہیں کہ وہ ضمانت کرانے والے کو جیل بھیج دے۔
426 total views, no views today



