لاہور: کسی کو کرکٹ کا میلہ اجاڑنے نہیں دیں گے، پاکستان نے عزم ظاہر کر دیا۔ پاکستان کو حال ہی میں آئی سی سی نیچیمپئنز ٹرافی2025 کی میزبانی سونپنے کا اعلان کیا ہے، مگر ابھی سے بھارت میں اپنی ٹیم کے پاکستانی سرزمین پر کھیلنے کے حوالے سے سوال اٹھائے جانے لگے، پی سی بی بھی اس سے باخبر ہے۔گزشتہ روز ورچوئل پریس کانفرنس میں چیئرمین رمیز راجہ نے کہاکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں کافی بحث ہوئی، سوچ سمجھ کر تمام پہلو پیش نظر رکھتے ہوئے میزبانی دینے کا فیصلہ کیا جاتا ہے،ہمیں کوئی خدشہ نہیں کہ ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ باہمی سیریز تو مشکل البتہ سہ فریقی سیریز کا آپشن موجود ہے، یہ مقابلے مالی لحاظ سے زیادہ اہم بھی ہوچکے ہیں، آئندہ سال ایشیا کپ سمیت پاکستان میں ہونے والے انٹرنیشنل ایونٹس سے کسی ٹیم کا بھی پیچھے ہٹنا اتنا آسان نہیں ہوگا، سب کچھ بھارت کی وجہ سے نہیں ہوتا، کچھ تو ہم بھی ہیں،ہم صرف بلو شرٹس کی وجہ سے اپنے ایونٹ یواے ای میں نہیں کرائیں گے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ٹیموں کیلیے حفاظتی انتظامات کرنے میں ہمیں کوئی پریشانی نہیں، پاکستان میں بہترین سیکیورٹی کا دنیا نے اعتراف کیا ہے، آزاد ماہرین کہتے ہیں کہ پاکستان میں انگلش پریمیئر فٹبال لیگ اور فارمولا ون سے بہتر سیکیورٹی ہے۔ انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کی اچانک واپسی کے بعد چیمپئنز ٹرافی2025 کی میزبانی کا ملنا ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے تسلسل کیلیے ضروری تھا، جورائے بنی ہوئی تھی اسے تبدیل کرنا مشکل تھا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے فیصلوں کے بعد ہماری آواز دل سے نکلی،دنیا کو ہمارے جذبات کا اندازہ ہوا، دونوں ملکوں کی دستبرداری سے تھوڑی مشکل ہوئی، میٹنگ میں خاصا زور لگا مگر بالآخر اپنا موقف منوالیا۔
526 total views, no views today



