پشاور:زراعت و لائیو سٹاک کے مختلف منصوبوں کے متعلق صوبائی وزراء عاطف خان اور محب اللہ خان کی زیر صدارت اجلاس، محکمہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی شعبہ زراعت ولائیو سٹاک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا، عاطف خان
مردان بیزئی واٹر کورسز سکیم پر کام تیز کیاجائے، صوبائی وزراء عاطف خان اور محب اللہ خان کی متعلقہ حکام کوہدایت
خیبر پختونخواکے وزیر سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت و لائیو سٹاک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے محکمہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کرے گا جن سے شفافیت اور عوام کو خدمات کی بروقت فراہمی یقینی ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں محکمہ زراعت ولائیو سٹاک کے سالانہ اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت بارے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزراء عاطف خان اور محب اللہ خان نے کی۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی ظاہر شاہ طورو،سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد اسرار، سیکرٹری محکمہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی عنبر علی خان، محکمہ زراعت و لائیو سٹاک کے ڈی جیز سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو مردان سمیت صوبے میں محکمہ زراعت و لائیو سٹاک کی نئے و جاری سالانہ ترقیاتی سکیموں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں زمین کی زرخیزی کی نقشہ سازی، صوبہ میں بیجوں کی صنعت کا قیام، ٹیلی فارمنگ اور ڈیجیٹل سروس فلیٹ فارم کا قیام، خیبر پختونخوا میں باغبانی کے ذریعے آب و ہوا کے منفی اثرات کو کنٹرول کرنا، خیبر پختونخوا میں قابل زراعت بنجر زمین کی بحالی اور زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی، صوبے میں معیشت میں بہتری کیلیے شہد کی پیداوار کو فروغ دینا، کراس بریڈنگ کے ذریعے مویشیوں کی جینیاتی بہتری، کمیونٹی ڈیری اور گوشت کی ترقی، کرائے پر بلڈنگ میں سول ویٹرنری ڈسپنسریوں کا قیام، ضلع مہمند میں زرعی ترقی، ضم شدہ علاقوں میں ماحولیاتی طور پر کنٹرولڈ پولٹری ہاؤسنگ سسٹم کا تعارف اور زراعت میں تبدیلی کا منصوبہ، زیتون اور ماہی گیری کے فروغ اور ضم شدہ علاقوں میں ویٹرنری سہولیات کے قیام کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ بریفنگ کے دوران مزید بتایا گیا کہ سوات اور ڈیرہ اسماعیل خان میں زرعی یونیورسٹیوں کا قیام، بارانی پانی کو ذخیرہ کرنے کے لئے بہت جلد بہترین منصوبے شروع کررہے ہیں جن سے زرعی اجناس کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ صوبے میں واٹر مینجمنٹ کے منصوبوں کے حوالے بریفنگ پر عاطف خان نے متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ مردان میں بیزئی واٹر کورسز پر کام میں تیزی لائیں اور مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔۔ اس موقع پر صوبائی وزیر محب اللہ خان نے کہا کہ محکمہ میں خدمات کی فراہمی کو ڈیجیٹائز کرنے کیلئے محکمہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی کی تیکنیکی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کیا جائے گا۔
520 total views, no views today



