پشاور:خیبر پختونخوا کے وزیر محنت و پارلیمانی امور شوکت یوسفزئی کی زیر صدارت شانگلہ میں جاری ترقیاتی سکیموں بشمول سڑکوں کی تعمیر اور سکولوں کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس انکے دفتر میں منعقد ہوا۔جسمیں چیف انجینئر مواصلات و تعمیرات نارتھ عمر طارق،ڈپٹی سیکرٹری ملیحہ اور ایکسیئن سفیر گل نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں شانگلہ کے زیر تعمیر سڑکوں اور سکولوں کے بارے میں تفصیلی گفتگو ہوئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ شانگلہ میں زیر تعمیر سڑکوں اور سکولوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور کوڑ منگ سسوبے پل کو جلد از جلد مکمل کرکے رپورٹ ایک ہفتے کے اندر جمع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شانگلہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بلا تاخیر مکمل کریں اور متعلقہ سرکاری افسران ترقیاتی کاموں کی سائٹ پر خود جاکر کام کی نگرانی یقینی بنائیں۔اس موقع پر حکام نے اجلاس کو مزید بتایا کہ انکے حلقہ نیابت میں 47 سکولوں پر کام جاری ہے جسمیں 32 سکول مکمل اور16 فنکشنل ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ حلقہ میں 32 سکول مکمل ہیں جو متعلقہ حکام کے حوالے کردئیے گئے ہیں جسمیں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول بوٹیال،تو دو اوبو سکول اور دیگر شامل ہیں۔اجلاس میں رانیال چیچلو روڈ،باٹکوٹ روڈ،کیڑی روڈ،کوڑمنگ روڈ،بنڈ خوڑگئی روڈ،لیلونئی کس روڈ،قلعہ روڈ الپوری،مانڑئی روڈ،ملک خیل کوٹکے روڈ،خٹک سر روڈ،بشام قلعہ روڈ اور چکیسر دندئی روڈ پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔صوبائی وزیر نے اجلاس کو بتایا کہ یہ تمام سڑکیں شانگلہ میں برفباری شروع ہونے سے پہلے مکمل ہونی چاہیئے تاکہ موسم اور برفباری کی وجہ سے کام میں رکاوٹ پیش نہ آسکے۔شوکت یوسفزئی نے حکام کو بتایا کہ رانیال پل پر مرمت کا کام مکمل کرکے اسے جلد از جلد عوام کیلئے کھول دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ باٹکوٹ روڈ پر درپیش مسئلہ کو ختم کرنے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر بشام اور متعلقہ حکام کو دورہ کرنے اور کام فی الفور شروع کرنے کی ہدایت کی۔شوکت یوسفزئی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کوڑمنگ سسوبے پل پر مرمت کی وجہ سے عوام کیلئے متبادل راستہ فراہم کرنے کا فوری بندوبست بھی کیا جائے اور کیڑی روڈ پر بھی کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ دریں اثناء انہوں نے محکمہ پبلک سروس ہیلتھ انجینئرنگ کے شعبے میں جاری پانی کی فراہمی کی سکیموں کی تکمیل یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
400 total views, 2 views today