اسلام آباد: مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کے پانی سے متعلق مفادات کا ہرقیمت پر تحفظ کیاجائے گا اور اس کے لئے بھارت کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے بجلی کے ہر منصوبے کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ خطے میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے تاپی گیس پائپ لائن انتہائی اہم منصوبہ ہے۔ ترکمانستان ، افغانستان، پاکستان، بھارت گیس پائپ لائن منصوبے میں جلد پیش رفت متوقع ہے، افغانستان نے بھی اس منصوبے کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مفاہمتی عمل کے لئے کوئی وقت نہیں دیا جاسکتا تاہم اس میں پیش رفت ہورہی ہے۔
بھارت کے ساتھ پانی کے تنازع پر مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پانی کے معاملے پر پیدا ہونے والے تنازعات کے حل کے لئے طریقہ کار پہلے سے موجود ہے تاہم پاکستان بھارت کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے بجلی کے ہرمنصوبے کا بغور جائزہ لے رہا ہے کیونکہ پانی سے متعلق مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے، ذکی الرحمان لکھوی کے معاملے پر بھارت کی مداخلت غیرمنطقی ہے۔ انہیں توقع ہے کہ ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی سے پاکستان اور بھارت کے درمیان مجوزہ مذاکرات متاثر نہیں ہوں گے۔
387 total views, no views today


