سوات:خیبرپختونخوا کے وزیرزراعت،لائیوسٹاک وفشریز محب اللہ خان نے کہا ہے کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور ملک کو درست سمت ڈالنے کے لئے عمران خان کا ساتھ دینا ناگزیرہے، تحریک انصاف کے پرچم تلے عمران خان کی قیادت میں لوگوں کامتحد ہونا ملک کی حقیقی آزادی کی طرف ایک بڑی پیش رفت ہے، ہمیں ایک خوددار قوم کے طورپرفیصلہ کرناہوگا اور ثابت کرناپڑے گا کہ ہم ایک خود دار لیڈر کیساتھ ہیں اورغلاموں کے ساتھ نہیں ہیں، باشعور عوام نے عمران خان کوہی اپنا لیڈر تسلیم کیاہے ان خیالات کااظہار انہوں نے کانجو سوات میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر چیئرمین تحصیل کبل سعیدخان، حاجی فضل مولا، حاجی محمدرحمان، عزیز الرحمن، ملک عبدالکبیر خان اور دیگرنے بھی خطاب کیا، صوبائی وزیرمحب اللہ خان نے واضح کیا کہ تحریک انصاف اور چیئرمین عمران خان نے فرسودہ سیاسی کلچر کو ختم کرکے جذبہ خدمت خلق سے سرشار سیاسی کلچر کومتعارف کرایا، فرسودہ سیاسی کلچر میں چند مخصوص خاندان اور مخصوص افراد کے ارد گرد سیاست گھوم رہی تھی جبکہ عام لوگوں پر سیاست کے دروازے بند تھے، غریب لوگوں اوران سیاستدانوں کے درمیان کافی رکاوٹیں اورفاصلے حائل تھے یہ عمران خان ہی تھے جنہوں نے اس فرسودہ سیاسی کلچر کا خاتمہ کرکے ان لوگوں کو آگے لایا جو حقیقی معنوں میں لوگوں کی خدمت کرناچاہتے تھے اور اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے آج وہی لوگ پی ٹی آئی کے پرچم تلے لوگوں کی خدمت میں پیش پیش ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف پاکستان کے نہیں بلکہ عالم اسلام کے ایک نڈر لیڈر ہیں، انہوں نے کہا کہ ملکی بقاء اور سلامتی کی خاطر محب وطن لوگوں کوعمران خان کاساتھ دیناہوگا کیونکہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے عمران خان کاساتھ دیناوقت کی ضرورت اورتقاضہ ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک کو بحرانوں میں ڈالنے والے آج عمران خان کی مخالفت اسی وجہ سے کر رہے ہیں کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف ملک کو ان بحرانوں سے نکالنے میں سنجیدہ اور ٹھوس عملی اقدامات اٹھا رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ملک پر مسلط کردہ اس امپورٹڈ حکومت نے ضم قبائلی اضلاع کے فنڈز میں کٹوتی کر کے ثابت کر دیا کہ یہ ملک و قوم کے کتنے مخلص ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ پی ٹی آئی عوام کے تعاون سے ان جیسے چور لٹیروں کا حساب لینے دوبارہ اقتدار میں آئے گی اور قوم سے کئے وعدوں کو ایفاء کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
900 total views, 2 views today