پشاور:خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام وادی چترال اپر میں شندور کے مقام پر منعقد ہونے والا شندور پولو فیسٹیول کا فائنل ایک بار پھر چترال کی ٹیم نے اپنے نام کرلیا۔ فائنل میچ میں چترال اے کی ٹیم نے گلگت بلتستان اے کی ٹیم کو 9 گول کے مقابلے میں 10 گول سکور سے شکست دی۔
خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی،ہیڈ کوارٹر الیون کورپشاور، فرنٹیئر کورنارتھ، ضلعی انتظامیہ چترال اپر و لوئراور این ایل سی کے تعاون سے منعقدہ تین روزہ شندور پولو فیسٹیول کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔
اختتا می تقریب کے موقع پرپاکستان آرمی فزیکل ٹریننگ سکول ایبٹ آبادکے پیرگلائیڈر، پاکستان آرمی کے ایس ایس جی کمانڈوز نے پیراٹروپنگ (پیراجمپنگ) کی شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ پیش کیا گیا جبکہ بچوں نے ملی نغمے اور کیلاش وادی کے مرد و خواتین نے روایتی رقص پیش کیا۔
اختتامی تقریب کے موقع پر کثیر تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں سمیت چترال اورگلگت بلتستان کے مقامی لوگوں نے فائنل میں شرکت کی۔ تین روزہ فیسٹیول کے پہلے روز خیبرپختونخوا کی موسیقی محفل کا انعقاد کیا گیا جبکہ دوسرے روز گلگت بلتستان کی محفل موسیقی منعقد ہوئی۔ اس سے قبل پہلے روز لاسپور اور غزر کی ٹیموں کے مابین میچ کھیلا گیا جس میں چترال کی سر لاسپور کی ٹیم نے 15گول کرکے میچ اپنے نام کرلیا جبکہ گلگت بلتستان کی ٹیم صرف 4 گول سکور کرسکی۔پولوفیسٹیول کے دوران جہاں مقامی افراد کی جانب سے کھانے پینے کی اشیاء، کپڑے، ٹینٹ اور دیگر کا بازار قائم کیا گیا تھا وہی دوسری جانب مختلف روایتی کھیلوں کے مقابلے بھی دیکھنے کو ملے۔
1,308 total views, 8 views today