مینگورہ ، ڈی پی او سوات محمد سلیم مروت نے کہاہے کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ ہمارا اولین فرض ہے ،عوام کے تعاون سے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ کرینگے، تاجر برادری چوکیدار ی نظام قائم کریں ، سوات پولیس ہرقسم تعاون کے لئے تیارہے ، مینگورہ میں پولیس کی گشت میں اضافہ کیا گیا ہے ، ان خیالات کااظہار انہوں نے سوات پریس کلب میں انصاف ٹریڈر ز یونین عیسٰی خیل ، خونہ مسجد ، فتح خانخیل مینگورہ کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برادری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے سوات ٹریڈز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم ، نومنتخب صدر عثمان علی مانے ، نائب صدر سیدعلی شاہ ، جنرل سیکرٹری حاجی لقمان، تاجر رہنما ڈاکٹر خالد محمود خالد ، عبدالعلی اشنا ، حاجی محمدرسول خان، اورنگزیب اور ظفرعلی نازنے بھی خطاب کیا ، جبکہ اس موقع پر سیاسی رہنما زاہد خان عرف باز خان اور دیگر معززین علاقہ بھی موجود تھے ، ڈی پی او سلیم مروت نے مزید کہا کہ پولیس اہلکارعوام کے خادم ہیں ، عوام کی نشاندہی پر خامیاں دور کرینگے ، سوات میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کردیاہے ، انشاء اللہ سوات پولیس امن وامان برقرار رکھنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی ۔ تقریب سے صدر مجلس سوات ٹریڈ ز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے کہا کہ عوام 68 سال سے مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں ، غربت کی وجہ سے بچے تعلیم حاصل کرنے کے بجائے محنت ومزدوری پر مجبور ہیں لیکن مسائل رونے اور فریاد کرنے سے حل نہیں ہوں گے ، بلکہ مشکلات کے حل کے لئے ہمیں اتحاد واتفاق کا مظاہر ہ کرنا ہوگا ، تقریب کے دوران ڈی پی او محمد سلیم مروت نے انصاف ٹریڈ ز یونین مینگورہ کے نومنتخب عہدیدارو ں سے حلف لیا۔
730 total views, no views today


