تحریر ماسٹر عمر واحد
مغربی معاشرہ میں ہر عادت، واقعہ اور کلچر کا دن منایا جاتا ہے۔ ان میں ’’اپریل فول‘‘ یا ’’فرسٹ اپریل‘‘ عجیب دن اور کلچر ہے جو مغربی دنیا میں بڑے ذوق و شوق سے منایا جاتا ہے۔ مغربی دنیا میں اس کلچر کے پس منظر میں ایک واقعہ گزرا ہے، وہاں اس دن کے منانے کا مقصد دوسروں کو بے وقوف بنانا ہے جو ہمارے خیال میں بالکل نامناسب عمل ہے بلکہ افسوس کا مقام یہ بھی ہے کہ ہمارے ہاں بھی یہ دن منایا جاتا ہے۔ غور کامقام ہے کہ ہمارے اسلامی اور مشرقی معاشرہ میں آج قدم بہ قدم مغربی اقدار اور روایات اپنائی جا رہی ہیں۔ ہمارا مثالی معاشرہ جو کبھی دوسری اقوام کے لیے نمونہ ہوا کرتا تھا، آج ہمارے اپنے ہی ہاتھوں زوال کا شکار ہے۔ چوں کہ ہم کافی عرصہ تک غیروں کے غلام رہ چکے ہیں لہٰذا ان کی روایات اور کلچر منانے میں فخر محسوس کرتے ہیں خواہ اس میں ہمارے دین و دنیا کا خسران ہی کیوں نہ ہو۔مغرب کی ان روایات میں ایک روایت ’’فرسٹ اپریل‘‘ یا ’’اپریل فول‘‘ بھی ہے۔ اس کی تفصیل یہ ہے کہ جب فرانس کا کلینڈر 1562ء میں تبدیل کیا گیا، تو نیا سال یکم اپریل کی بہ جائے یکم جنوری سے شروع ہونے لگا لیکن پھر بھی چند قدامت پسند اور فرسودہ خیالات رکھنے والے حضرات یکم اپریل کو ہی سال کا آغاز کرتے، اس لیے یہ لوگ دوسروں کو چھیڑنے، تنگ کرنے اور ٹھٹھہ لگانے کے لیے یکم اپریل کو جعلی تحایف بھیجتے۔ پھر دیکھتے ہی دیکھتے یہ شرارت پورے یوروپ تک پھیل گئی اور یکم اپریل کو ’’فول ڈے‘‘ کے طورپر منایا جانے لگا۔ چوں کہ مچھلی کا شکار بھی دھوکہ سے کیا جاتا ہے، اس لیے جو شخص اپریل فول کا نشانہ بنتا ہے فرانسیسی زبان میں اسے ’’مچھلی‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اپریل فول کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ہم اس طرح ٹھٹھہ اور مزاح کرکے اس دن سے لطف اُٹھاتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ واحد دن ہے جسے منانے کے لیے پیسوں کی نہیں ذہانت کی ضرورت ہوتی ہے۔ دوسری طرف اس کے مخالفین کہتے ہیں کہ افواہ سازی کا کلچر بھی اپریل فول ہی کی وجہ سے پروان چڑھا۔ اب تو معاملہ یہاں تک پہنچا ہے کہ شرارت پسند لوگ یکم اپریل کی بہ جائے کسی بھی تاریخ کو نت نئی افواہیں پھیلاتے ہیں اور بے قصور لوگوں کو ذہنی اذیت اور مصیبت میں مبتلا کرتے ہیں اور جھوٹی اطلاعات سے لوگوں کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
آج پھر یکم اپریل ہے۔ منچلوں نے نئی نئی شرارتوں کا پھندا تیار کررکھا ہے جس سے بچنے کے لیے کسی بھی اطلاع پر فوراً یقین مت کریں بلکہ یہ ذہن میں رکھیں کہ آج فسٹ اپریل ہے۔
625 total views, no views today


