گلگت بلتستان: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کنٹینر پر کھڑے ہوکر لوگوں نے ہمیں گالیاں دیں لیکن گالیاں دینے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے لئے آئے ہیں۔ گلگت میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں گلگت بلتستان کونسل کے اجلاس اسلام آباد میں ہوا کرتے تھے لیکن وہ خود یہاں آئے ہیں کیونکہ ان کا دل گلگت بلتستان کے عوام کے لئے دھڑکتا ہے۔
وہ کنٹینر کی سیاست کرنے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے لئے آئے ہیں، لوگوں نے کنٹینر پر کھڑے ہو کر ہمیں گالیاں دیں، کنٹینر والوں کی سیاست میں غلیظ گفتگو لکھی ہے جب کہ ہماری سیاست میں خدمت لکھی ہے، خنجراب سے اسلام آباد تک ریلوے سروس شروع کی جائے گی، قراقرم یونیورسٹی کے بعد اب بلتستان یونیورسٹی بنائی جائے گی جب کہ ہنزہ میں عطاآباد جھیل میں 27 ارب روپے لاگت کی ٹنل بنائی جارہی ہے۔
نواز شریف نے ہنزہ اور نگر کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شگر اور تھرمنگ کو بھی ضلع کا درجہ دیں گے، شمالی علاقوں میں سڑکوں کا جال بچھا دیں گے اور ایسا وقت بھی آئے گا کہ اسکردو کو ریلوے کے ساتھ منسلک کریں گے، یوتھ ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت ہنر مند نوجوانوں کو 20، 20 لاکھ کے قرضے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت میں پانی کی کمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردی جائے گی، دیامر بھاشا ڈیم سے 4 ہزار 500 میگا واٹ ، بنجی ڈیم 7 ہزار ایک سو میگاواٹ داسو ڈیم 10 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا۔
اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان کونسل کا اجلاس ہوا جس میں گورنر گلگت بلتستان برجیس طاہر نے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شاہراہ قراقرم کی سیکیورٹی کے لئے خصوصی فورس جب کہ جنگلات کے تحفط کے لئے 30 سالہ پالیسی تشکیل دی جارہی ہے، انہوں نے 45 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کسی بھی معاملے میں کرپشن اور بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت اپنی پالیسیوں سے گلگت بلتستان کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانا چاہتی ہے اور ترقیاتی منصوبوں پر تمام اخراجات شفاف انداز میں کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے گلگت بلتستان کو بہت فائدہ ہوگا، گلگت میں سیاحت کو فروغ دیا جائے گا اور علاقے کی ترقی کے لئے معدنی وسائل کا استعمال کیا جائے گا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان تحفظ پاکستان بل 2015 اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔
329 total views, no views today


