سوات،ڈپٹی کمشنر سوات محمود اسلم وزیر نے کہاہے کہ سوات میں تین روزہ سپرلے میلہ 21اپریل سے شروع ہوگا ،میلے کی رنگارنگ تقریبات 23اپریل تک جاری رہیں گی ،اپنے دفتر گل کدہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سوات میں جشن بہاروں کے موقع پر ضلعی انتظامیہ نے سوات کی ثقافت کو اجاگر کرنے اور دیگر رنگارنگ تقریبات کے لئے تین روزہ سوات سپرلے میلے کا اہتمام کیا ہے یہ میلہ گراسی گراؤنڈ مینگورہ میں 21اپریل سے 23اپریل تک جاری رہے گا جس میں کئی ایک رنگارنگ تقریبات کے علاوہ مختلف اشیاء کے اسٹالز بھی لگائے جائیں گے جبکہ کئی قسم کے پھولوں کی نمائش بھی کی جائے گی اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی اشفاق خان بھی موجود تھے ،انہوں نے کہاکہ اس میلے کا مقصد جہاں سوات کی ثقافت کو اجاگر کرنا ہے وہی دنیا کو یہ پیغام بھی دینا ہے کہ سوات میں اس وقت مثالی امن قائم ہے اور موسم بھی انتہائی خوشگوار ہے تو میلے میں شرکت کے لئے آنے والے سیاح مالم جبہ ،کالام ،میاندم اور دیگر تفریحی مقامات کی سیر کے لئے بھی جاسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان بھر کے سیاحوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ سوات کی بہار کو انجوائے کرنے کے لئے اس میلے میں ضرور شرکت کریں انہوں نے مقامی لوگوں سے بھی میلے میں شرکت کرنے کی اپیل کی اور کہاکہ اس میلے کو کامیاب بنانے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون بھی کیا جائے تاکہ سوات سے ایک اچھا اور مثبت پیغام دنیا کو جاسکے۔
760 total views, no views today


