سوات، سوات میں پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن نے مطالبات کے حق میں مکمل ہڑتال کردی ، سیدوشریف تدریسی اسپتال میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ،صرف ایمرجنسی یونٹ میں کور دیا جاتا رہا ،پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن نے اپ گریڈیشن اور دیگر مطالبات تسلیم کرانے میں تاخیری حربے استعمال کرنے کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کاا علان کردیا ،پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن نے صوبائی قیادت کی ہدایت پر سوات میں سیدوشریف تدریسی اسپتال میں بائیکاٹ کرتے ہوئے میڈیکل وارڈز،ایم آر آئی ،لیبارٹریوں،ایکسر ے ڈیپارٹمنٹ ،اسٹورز اور دیگر شعبوں میں ہڑتال کردی جبکہ ایمرجنسی یونٹ میں کور دیا جاتا رہا ،پیرامیڈیکس کی ہڑتال کی وجہ سے دور دراز سے آئے مریضوں کو سخت مشکلات کاسامنا کرناپڑا ،اس موقع پر پیرامیڈیس نے اسپتال کے لان میں احتجاجی جلسہ بھی کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ریاض علی شاہ ،جنرل سیکرٹری میاں گل علیم ،انصاف پیر امیڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ایاز علی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پیرامیڈیکل سٹاف کے ٹائم سکیل اپ گریڈیشن پر وزیراعلیٰ کے واضح احکامات اور اعلان ، صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید اور وزیر صحت شہرام ترکئی کے زیر صدارت چھبیس فروری دو ہزار پندرہ کو اعلیٰ سطحی اجلاس میں اس کی منظوری دینے کے باوجود اب تک نوٹیفکیشن نہ ہونے اورصوبائی سیکرٹری خزانہ کی ہٹ دھرمی اور میں نہ مانوں کی جاہلانہ پالیسی کی سخت مذمت کرتے ہیں اور ان کی اس پالیسی کو صوبائی وزیراعلیٰ اور موجودہ اتحادی حکومت کوبدنام کرنے اور ان کی حکم عدولی قرار دیکر ان کے خلاف کارروائی کرنے اور انہیں صوبہ بدر کرنے کامطالبہ کرتے ہیں۔
بریکوٹ، ضلع سوات میں پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کی نامعلوم مدت تک احتجاج کی وجہ سے تمام ہسپتال ویران پڑے رہے ۔مریضوں کو ایمرجنسی کور کے سوا کسی بھی مریض کو پیرامیڈیکل سٹاف کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دے دی گئی ڈاکٹر وں نے اکیلے مریضوں کا معائنہ کیا مگر وارڈ زمیں داخلہ،مفت ادویات کی فراہمی اور دیگر صحت کی سہولیات پیرامیڈیکل سٹاف انکاری تھے ۔ ۔ہمارے جائز مطالبات کے پورے نہ ہونے تک یہ احتجاج جاری رہے گا ۔تفصیلات کے مطابق صوبے کے دیگر ضلعوں کی طرح ضلع سوات میں بھی پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے کال پر تمام ہسپتالوں میں پیرامیڈیکس سٹاف نے احتجاج کیا۔پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن ضلع سوات کے جنرل سیکرٹری جاوید اللہ اور سابق صوبائی سینئر نائب صدر خواجہ قیوم نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کے نقشہ قدم پر چل رہی ہے ۔نو ماہ قبل وزیر اعلیٰ نے پیرامیڈیکل سٹاف کے اپ گریڈیشن اور اپ پے سکیل کی منظوری دی اورساتھ ساتھ فنانس ڈیپارٹمنٹ نے بھی منظوری دی مگر اب بدقسمتی سے سیکرٹری فنانس نامعلوم وجوہات کی بناء پر ہمارے کیس کو سرد خانے کے نظر کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری فنانس موجودہ حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پیرامیڈیکس کے ساتھ ایک ظلم نہیں کہ ہم برداشت کرلیں مگر ظلم پر ظلم ہو رہاہے ۔ایچ ار اے جو کہ ناجائز چھاپوں کے آڑ میں ہماری بے عزتی کر رہا ہے جو کہ ہمیں کسی بھی صورت قبول نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت فوری طور پر ہمارے جائز مطالبات منظور کریں ورنہ ہر نئے دن آنے کے ساتھ ہمارے احتجاج میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہوگا۔
کبل، خیبر پختونخواہ کے دیگر علاقوں کی طرح سول ہسپتال کبل سمیت بی ایچ یو توتانوبانڈئی اوردیگر علاقوں میں موجود ہسپتالوں کے پیرامیڈیکل سٹاف نے مطالبات کے حق میں مکمل ہڑتال کیا جس کی وجہ سے سینکڑوں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اکثریت مریض بغیر علاج کے واپس لوٹنے پر مجبور ہوگئے تاہم ہسپتال انچارج ڈاکٹر شرافت بلند اور نرسنگ سٹاف نے اپنا کام جاری رکھا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن سوات کے جائنٹ سکریٹری رحیم شاہ ،پریس سکریٹری حاجی محمد انور سمیت بی ایچ یو توتانو بانڈئی کے اسماعیل،عرفان اور دیگر نے کہا کہ صوبائی ایسوسی ایشن کی کال پر سول ہسپتال سمیت تحصیل کبل کے تمام بی ایچ یوز وغیرہ میں کامیاب ہڑتال جاری ہے انہوں نے کہا کہ اپ گریڈیشن و پروموشن سمیت پریکٹس کے باقاعدہ اجازت ملنے تک مکمل ہڑتال جاری رہے گا اسی دوران علاج معالجہ کے سہولیات میں عوام کو پیش آنے والے مشکلات کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے جنہوں نے جان بوجھ کر پیرامیڈیکس اہلکاروں کا استحصال شروع کیا ہوا ہے انہوں نے صحت میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے دعویدار صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیرامیڈیکس کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کئے جائیں ۔
684 total views, no views today


