اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ این اے 246 کے ضمنی انتخابات میں کامیابی پر ایم کیو ایم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور الیکشن سے واضح ہو گیا کہ کراچی میں تحریک انصاف کراچی میں ایم کیو ایم کے بعد دوسری بڑی حقیقت ہے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ این اے 246 کی نشست ایم کیو ایم کی گھر کی نشست ہے، جیت پر کھلے دل سے کنور نوید کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،
ضمنی انتخاب سے ثابت ہو گیا کہ کراچی میں ایک حقیقت ایم کیو ایم اور دوسری تحریک انصاف ہے اور اس شہر سے آئندہ انتخابات میں متحدہ کی 10 نشستیں خطرے میں پڑگئی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران اسماعیل کو بھی جرات اور بہادری پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان ووٹرز کو بھی جنہوں نے این اے 246 میں خوف کی فضا میں جہاد کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جھنڈے جلانے سے نظریے نہیں جلتے، اگر جماعت اسلامی ہمارا ساتھ دیتی تو ہمارا حوصلہ بڑھتا، کراچی کی عوام پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو نہیں بلکہ تحریک انصاف کو متبادل کے طور پر موقع دینا چاہتی ہے۔
312 total views, no views today


