مینگورہ،قومی وطن پارٹی نے یونین کونسل امانکوٹ سے ضلعی کونسل کی نشست کیلئے آزادامیدوارحاجی رضا خان کی غیر مشروط حمایت کا اعلا ن کردیا،اس حوالے سے قومی وطن پارٹی کے زونل چیئرمین فضل رحمان نونو نے سوات پریس پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی قائدین اور کارکنوں کی باہمی مشاورت سے سے حاجی رضا خان کی حمایت کرتے ہیں اور بلدیاتی انتخابات میں ان کیلئے بھرپورااندازمیں مہم چلائیں گے،انہوں نے کہاکہ موصوف یوسی ناظم رہ چکے ہیں اوراس وقت عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کیلئے کافی جدوجہدکی ہے یہی وجہ ہے اہل علاقہ کا ان پر بھرپوراعتماد ہے اورہمیں امید ہے کہ وہ حاجی رضا خان کو ایک بار پھر خدمت کا موقع فراہم کریں گے،انہوں نے کہاکہ اس وقت صوبائی حکومت کے ممبران اسمبلی اور مرکزی حکومت کے مشیر سرکاری وسائل کو سیاسی رشوت کے طورپر استعمال کرنے میں مصروف ہیں کہیں بجلی کے کھمبے اورٹرانسفارمر تقسیم ہورہے ہیں تو کہیں گیس اورپانی کے پائپ پر سیاست کی جارہی ہے اسی طرح ممبران اسمبلی اور ان کے امیدواروں کے گھرو ں میں گیس میٹر پڑے ہیں اورجن لوگوں نے کئی سال قبل داخلے کئے تھے ان سے ووٹ بٹورنے کیلئے یہی میٹر انہیں فراہم کئے جارہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ پابندی کے باوجود حکومتی اہلکارترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کررہے ہیں جو ایک قابل مذمت امر ہے،انہوں نے کہاکہ حکمرا ن سن لیں آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بدترین شکست ان کی مقدربن چکی ہے ،عوام ووٹ کے ذریعے ان سے اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا بدلہ لیں گے ،انہوں نے کہاکہ جب اس صوبے میں پی ٹی آئی کا اقتدارآیا تو اپنے وعدوں کو پوراکرنے کی بجائے پی ٹی آئی کے قائدین کنٹینرمیں بیٹھ کر وقت ضائع کرنے لگے یہی وجہ ہے کہ نہ تو کرپشن ،کمیشن اورنہ ہی پٹواری کلچر ختم ہوا ،مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا جس کے پیش نظر عوام کا اس حکومت پر سے اعتماداٹھ گیا لہٰذہ وہ الیکشن میں ان لوگوں کو بری طرح مستردکریں گے،انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت انتظامیہ کی نگرانی میں بلدیاتی الیکشن کرانا چاہتی ہے جو ہمیں منظور نہیں اگر حکومت شفاف انتخابات کرانے میں مخلص ہے تو عدلیہ کی نگرانی میں انتخابات کرائے،ان موقع پر یونین کونسل امان کوٹ سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والے امیدوارحاجی رضا خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ دورنظامت میں علاقے کیلئے جو خدمات انجام دی ہیں وہ کسی اہل نظر ڈھکی چھپی نہیں اور آئندہ وقع ملا تو اس سے بڑھ کر خدمت کریں گے،اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی سینئروائس چیئرمین رفیع الملک،ضیاء الحق تاجک،برکت علی،انوراقبال بالے،قیوم کاکا،حاجی نثار،افتاب ایڈووکیٹ اور دیگر عہدیداراورنامزدامیدوار بھی موجود تھے۔
608 total views, no views today


