مینگورہ ، آل پارٹیزکانفرنس نے مینگورہ شہر میں موجود نیک پی خیل ٹرانسپورٹ اڈہ میں کئی گئی کھدائی کی دوبارہ بحالی اور اسے کھولنے کیلئے دودن کی مہلت دے دی ،مطالبہ منظورنہ ہونے کی صورت میں تحریک شروع کریں گے ،اعلیٰ حکام کیساتھ مذاکرات کیلئے دروازے کھلے رکھنے کا بھی فیصلہ کیا،اس حوالے سے پختونخواملی عوامی پارٹی کے راہنما خورشیدکاکاجی نے سوات پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نیک پی اڈہ جس کی ملکیت ہے اس نے فروخت کردیا ہے جس کے بعدانتظامیہ نے بغیر کسی نوٹس کے اڈے میں راتوں رات بھاری مشنری سے کھدائی کرکے اسے ناکارہ بنادیا ہے ،انہوں نے کہاکہ ہمیں انفرادی فیصلے اوراقدمات منظورنہیں بلکہ تمام اڈوں کیلئے یکساں ضابطہ بنانے کے حق میں ہیں،انہوں نے کہاکہ مذکورہ اڈہ کو بائی پاس پر منتقل کیا جارہاہے جس سے سہولت کی بجائے مسائل پیداہوں گے جبکہ ساتھ ساتھ بائی پاس کی اہمیت اورافادیت بھی ختم ہوجائے گی،انہوں نے کہاکہ مذکورہ اڈے پر تحصیل کبل اورتحصیل مٹہ سمیت ادھے سوات کی معیشت اورکاروبار کا دارومدارہے جسے ختم کرنے سے ادھاسوات متاثرہوگا،انہوں نے کہاکہ مینگورہ میں دیگراڈے بھی موجود ہے جہاں سے ملک بھر کیلئے سروس مہیاکی جارہی ہے ہم چاہتے ہیں کہ جوسلوک ان اڈوں کیساتھ ہو وہی مذکوہ اڈے کیساتھ بھی کیاجائے مگر امتیازی سلوک کا سلسلہ بند کیاجائے،انہوں نے کہاکہ جب سے اس مسئلہ نے سراٹھایا ہے ہم نے اسے حل کرانے کیلئے حکومتی ذمہ داروں سمیت اعلیٰ انتظامی حکام سے بھی رابطے کئے مگر اس طرف سے صرف یقین دہانیوں کے علاوہ کچھ نہیں ہوا،انہوں نے حکومت اوردیگرذمہ دارحکام سے اس سلسلے میں فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر دودن کے اندرمذکورہ اڈے میں کی گئی کھدائی کی دوبارہ مرمت کرنے سمیت اسے نہیں کھولا گیااورساتھ ساتھ کھدائی کے بارے میں اعلیٰ سطحی تحقیقات نہ کی گئیں تو مزاحمت کریں گے تاہم اعلیٰ حکام کیساتھ مذاکرات کیلئے دروازے کھلے رکھیں گے،اس موقع پرٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر خائستہ باچا، عوامی نیشنل پارٹی کے ابراہیم دیولئی،جماعت اسلامی کے حافظ اسراراحمد،پی ٹی آئی کے عزیرالرحمان،مسلم لیگ ن کے عبدالغفورخان ،پیپلزپارٹی کے بہادرخان،پختونخواملی عوامی پارٹی ڈاکٹرخالد محمود،ملک ریاض خان اورکبل بارایسوسی ایشن کے صدر سرداریوسفزئی ایڈووکیٹ سمیت دیگرتمام سیاسی پارٹیوں اورٹرانسپورٹربرادری کے راہنما اورقائدین بھی موجودتھے۔
678 total views, no views today


