سوات، عوام کے مسائل گھر کی دہلیز پر حل کرنے کا دعویٰ آخر کار عملی رنگ اختیار کر گیا۔ کوئی بھی شہری کسی بھی سرکاری محکمہ کے خلاف ڈپٹی کمشنر سوات کو ایک مختصر موبائیل میسج بھیجے گا اور محکمہ کی جانب سے تین چار روز کے اندر اندر مسئلہ حل کیا جائے گا یا اس کا تسلی بخش جواب دیا جائے گا۔یہ اعلان ڈپٹی کمشنر سوات محمود اسلم وزیر نے پیر کے روز اپنے دفتر میں ضلعی افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں محکمہ صحت،تعلیم ،پولیس ،سیدو ہسپتال اور فنانس کے ساتھ ساتھ تمام محکموں کے ضلعی افسران اور ساتوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سرکاری افسران اور اہلکاروں کے پاس اب غفلت کی گنجائش بالکل نہیں ۔عوامی شکایات دور کرنے میں ناکام ہونے والے ضلعی و تحصیل افسران اور متعلقہ اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی ۔تاہم غلط شکایت کرنے والے بھی سزا سے بچ نہیں سکیں گے اور غلط شکایت کنندہ کا نہ صرف موبائیل نمبر پی ٹی اے سے بند کر ادیا جائے گا بلکہ اس کے خلاف دروغ گوئی ،فراڈ اور محکموں کا وقت ضائع کرنے وغیرہ کے قوانین کے تحت کاروائی کی جائے گی۔موبائیل شکایت ڈی سی سوات کے نام بھیجنے کے طریقے کی وضاحت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شکایت کنندہ اپنے موبائیل فون میں کسی بھی سرکاری محکمہ میں رشوت طلب کرنے ،مسلہ حل نہ کرنے اور عوام کی خدمت میں غفلت کے خلاف مختصر میسج لکھ کر DCSلکھ کر8333 پرمیسج کرے گا ۔میسج وصول ہوتے ہی ڈی سی آفس کی جانب سے شکایت کنندہ کو جوابی sms بھیج دیا جائے گا جس میں اس شکایت کے نمبر سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ڈی سی سوات اس شکایت کو متعلقہ ضلعی افسر کو smsکرے گا جو تین چار روز کے اندر اس شکایت کے بارے میں واپس ڈی سی سوات کو آگاہ کرے گا۔ڈی سی آفس شکایت کنندہ کو میسج کرکے مسئلہ کے حل سے آگاہ کرے گا۔اسی طرح ضلع کے کونے کونے میں تمام سرکاری اہلکار عوام کی حقیقی خدمت کے پابند ہوں گے۔اس نظام کے تحت عوام کے سینکڑوں موبائیل فونز پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلاب ،قدرتی آفات،پولیو،ڈینگی اور امن وامان وغیرہ کے سلسلے میں وارننگ اور دیگر مفید ہدایات بھی بھیجی جائینگی ۔
760 total views, no views today


