ملتان: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن بننے کے بعد دھاندلی کے بہت انکشافات سامنے آئے جو کبھی بھی نہیں آسکتے تھے اور اب کل ٹربیونل میں این اے 122 کا کیس جائے گا جس کا شدت سے انتظار تھا کیونکہ پہلے این اے 125 میں خواجہ سعد کی وکٹ گری اور اب این اے 122 میں ایاز صادق کی وکٹ گرتی نظر آرہی ہے۔
ملتان کے حلقہ پی پی 196 کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں کچہری اسپورٹس گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملتان میں اب 2 سوچوں اور نظریوں کا مقابلہ ہے کیونکہ 2 جماعتیں 1970 سے باریاں لے رہی ہیں، قوم پیچھے جارہی ہے لیکن ان باریاں لینے والوں کی جائیدادیں بڑھ رہی ہیں، حکمرانوں کا مقصد صرف اپنے اور اپنی اولادوں کے لیے پیسہ بنانا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وہ پاکستان چاہتے ہیں جہاں انسانوں کی عزت اور قدر ہو، تعلیم اور صحت کے اوپر زیادہ خرچ کیا جائے کیونکہ قومیں میٹرو بس ،انڈرپاسز اور موٹروے سے آگے نہیں بڑھتیں اس کے لیے قوموں پر خرچ کرنا پڑتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جب تک لوگ اپنے حقوق کے لیے کھڑے نہیں ہوتے انہیں ان کے حقوق نہیں ملتے، جب بھی عوام سے کوئی ظلم اور نا انصافی ہو وہ اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے گھر کے باہر 2 ماہ سے خیبرپختونخوا کے مختلف محکموں کے ملازمین نے دھرنا دیا جس کے بعد حکومت سے انہیں انصاف دلایا، عوام بتائیں کیا نوازشریف کے گھر کے باہر یا بلاول ہاؤس پر کوئی دھرنا دے سکتا ہے، ہم پاکستان میں یہی نظام چاہتے ہیں جہاں کسی سے بھی ظلم ہو وزیراعظم کے گھر کے باہر جاکر بیٹھ جائے۔
چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا میرا دل کہتا ہےکہ 2015 نئے پاکستان کا سال ہے، قوم نے دھرنے میں جو ساتھ دیا اور جو لوگ اس دوران شہید ہوئے ان کی شہادتیں ضائع نہیں گئیں، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ جوڈیشل کمیشن بنا اور کمیشن میں جو انکشافات سامنے آرہے ہیں وہ کبھی نہیں آتے، (ن) لیگ والے دھاندلی کرکے بھی نہیں جیت سکے ان کی دھاندلی کے انکشافات اب سامنے آرہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ کل میرے اور ایاز صادق کے حلقے کا کیس الیکشن ٹریبونل میں لگے گا جس کا مجھے دو سال سے انتظار تھا کیونکہ پہلے این اے 125 میں خواجہ سعد کی وکٹ گری اور اب این اے 122 میں ایاز صادق کی بیچ کی وکٹ گرتی نظر آرہی ہے۔
380 total views, no views today


