لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ زمبابوے بورڈ نے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے جس کے بعد سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی۔
لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ کے صدرولسن مناسے نے فون کرکے دورہ پاکستان کنفرم کیا ہے جس کے بعد مہمان ٹیم منگل کو پاکستان پہنچے گی جب کہ اس حوالے سے زمبابوین بورڈ سے تحریری جواب مانگا ہے جس کی انہوں نے حامی بھری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوین ٹیم کی آمد کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل ہیں جب کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تمام میچز لاہور کے قذاقی اسٹیڈیم میں شیڈول کے مطابق کھیلیں جائیں گے۔
دوسری جانب زمبابوے کے کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو دورے کی تصدیق کرتے ہوئے تحریری طورپر بھی آگاہ کردیا ہے، زمبابوے کی ٹیم دورے کے لیے منگل کی دوپہر 2 بجے پاکستان پہنچے گی۔
واضح رہے کہ سانحہ صفورا گوٹھ کے بعد زمبابوے کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان منسوخ کردیا تھا تاہم تھوڑی ہی دیر بعد بورڈ نے فیصلہ واپس لیتے ہوئے آج تک کے لئے پی سی بی سے وقت مانگا تھا۔
736 total views, no views today


