مینگورہ، جی او سی سوات میجر جنرل نادر خان نے سیکو رٹی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا تاکہ بلدیاتی الیکشن پر امن طریقے سے منعقد کیے جا سکیں ۔انھوں نے یہ بات کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کفایت اللہ خان کے دفتر میں قائم الیکشن کنٹرول رو م کے دورے کے موقع کے دوران کہیں ۔اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کفایت اللہ خان ،ڈی آئی جی ملاکنڈ آزاد خان اور متعلقہ سول و ملٹری افسران بھی موجود تھے۔ جی او سی نے کہا کہ کنٹرول روم اور سیکورٹی کے لیے کئے گئے اقدامات نہایت شاندار ہیں تاہم ڈویژنل حدود کے داخلی راستوں پر افراد اور گاڑیوں کے داخلے پر خصوصی نظر رکھی جائے،انھوں نے ہدایت کی کہ ایمر جنسی کی صورت میں حالات کو قابو کرنے کے لیے نہایت منظم طریقہ اپنایا جائے اور خواتین ووٹروں کی ووٹ ڈالنے کی حوصلہ افزائی کی جائے۔جی او سی نے ہدایت کی کہ کمیونیکیشن سسٹم سیکورٹی کے نظام میں نروس سسٹم کا مقام رکھتا ہے لہٰذا کنٹرول روم کے کمیونیکیشن نظام کو قابل اعتماد بنایا جائے انھوں نے یقین دلایا کہ الیکشن میں نارمل فوجی ڈیپلائمنٹ کے علاوہ جب بھی ضرورت ہو پاک فوج کی مطلوبہ نفری فوری طور پر تیار ہوگی انھوں نے ہدایت کی کہ الیکشن کے روز امیدواروں کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنایا جائے اور پولنگ سٹیشنز کے علاوہ پولنگ سٹیشنز کے باہر کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے جی او سی نے کنٹرول روم کا معائنہ کیا اور عملے سے فرداً فرداً معلومات حاصل کیں ۔جی او سی کو بتایا گیا کہ اس کنٹرول روم میں پولیس ،پاک فوج،الیکشن آفس،کمشنر آفس اور دیگر متعلقہ عملہ موجود ہے اور اس میں تمام پولنگ سٹیشنز کے پریزائڈنگ افسران ،سیکورٹی انچارج اور ریٹرننگ و اسسٹنٹ ریٹرننگ افسرا ن کے فون نمبر اور وائرلیس فریکونسی موجود ہے اور اس کے زریعے سیکورٹی،پولنگ انتظامات اور ہر قسم کی ایمر جنسی سے نمٹنے کی سہولت موجود ہے بعد ازاں کمشنر ملاکنڈ اور آر پی او ملاکنڈنے جی او سی کو تفصیلی بریفنگ دی جبکہ آر پی او آفس پہنچنے پر پولیس کے ایک چاق وچوبند دستے نے انھیں سلامی پیش کی ،یاد رہے کہ ملاکنڈ ڈویژن بلدیاتی الیکشن 2015کو پر امن ،آزادانہ اور منصفانہ طور پر منعقد کرنے کے لیے پولیس اور سول فورسز کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے علاقائی کمانڈرز بھی الیکشن انتظامات اور سیکورٹی کو فول پروف بنانے میں بھر پور حصہ لے رہے ہیں ۔۔
816 total views, no views today


