سوات ، تخت سوات کے حصول کیلئے چھ سیاسی جماعتوں کے اتحاد کا اعلان ، گرینڈ الائنس کو 37منتخب ممبران کی حمایت حاصل ہو گئی ، ضلع و تحصیلوں میں مشترکہ حکومت بنانے پر اتفاق ، گرینڈ الائنس میں ن لیگ ، اے این پی ، جماعت اسلامی ، جے یو آئی ، قومی وطن پارٹی اور پی پی پی شامل ہیں ،گرینڈ الائنس کا پی ٹی آئی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے انتخابی نتائج میں ردو بدل کرنے کے سنگین نتائج کی دھمکی ، تفصیلات کے مطابق سوات میں ضلعی اور تحصیلوں کی سطح پر حکومتوں کے قیام کیلئے وفاقی مشیر انجینئرا میر مقام کی رہائش گاہ پر سنگوٹہ میں 6 سیاسی جماعتوں پر مشتمل گرینڈ الائنس کا قیام عمل میں لایا گیا ، گرینڈ الائنس کے قیام کے حوالے سے سنگوٹہ میں پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے قائدین ن لیگ کے انجینئرا میر مقام ، قیموس خان ، اے این پی کے شیر شاہ خان ، ایوب خان ، رحمت علی خان ، پی پی پی کے شمشیر علی خان ، روح الامین لالہ ، قومی وطن پارٹی کے فضل رحمن نونو ، جے یوآئی کے امیر قاری محمود اور اسحاق زاہد نے کہا کہ سوات میں عظیم تر عوامی مفادات کیلئے سیاسی جماعتوں نے مسلم لیگ ن کا ساتھ دیا ہے جو سواتی عوام کے بہتر مفاد میں ہو گا انہوں نے انجینئرا میر مقام اور ن لیگ پر اعتماد کیا جس پر انجینئرا میر مقام نے کہا کہ سوات اور شانگلہ کے مسائل حل کرنے کیلئے باہمی مشاورت سے کام لینگے انہوں نے کہا کہ 37 منتخب ضلعی ممبران کے علاوہ مزید 8آزاد منتخب ممبران سے بھی رابطے ہوئے ہیں جو کل تک حتمی ہو جائیں گے اس موقع پر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت پی ٹی آئی حکومت اور مقامی انتظامیہ نے براہ راست مداخلت کی ہے انہوں نے خبردار کیا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں پی ٹی آئی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ردو بدل سے باز آ جائیں ورنہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے انجینئرا میر مقام نے واضح کیا کہ سوات اور شانگلہ کی ترقی کیلئے سیاسی جماعتوں کا گرینڈ الائنس خوش آئند ہے اور یہ علاقے کے بہتر مفاد میں ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے سوات اور شانگلہ کو مسلسل نظر انداز کیاجا رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ عوام نے انہیں بلدیاتی الیکشن میں وہ مینڈیٹ نہیں دیا جس کا شور مچایا جا رہا تھا انہوں نے کہا کہ سوات میں ضلعی اور تمام تحصیلوں میں حکومتیں بنانے کیلئے مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں نے اصولی فیصلہ کیا ہے اور اتحاد میں شامل تمام جماعتوں میں مکمل اتفاق اور ہم آہنگی پائی جا رہی ہے ۔
730 total views, no views today


