لاہور: پاکستان نے نئے ٹیلنٹ کو زیادہ انٹرنیشنل مواقع فراہم کرنے کی ٹھان لی،چیئرمین پی سی بی شہریارخان کاکہنا ہے کہ آئندہ سال اے اور انڈر 19 ٹیمیں 3، 3غیر ملکی دورے کرینگی، سیریز کی میزبانی کیلیے سری لنکن کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہیں۔
آسٹریلوی ویب سائٹ کو ایک انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہاکہ رواں سال پاکستانی اے ٹیم نے سری لنکا کا دورہ کیا، میرے لیے بڑی حیران کن بات تھی کہ 4سال میں اُبھرتے ہوئے کرکٹرز کو پہلی بار بیرون ملک صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا، اب اس ضمن میں اپنی سرگرمیاں بڑھانے کیلیے کام کررہے ہیں،آئندہ سال پاکستان کی اے اور انڈر19ٹیموں کیلیے3،3ٹورز کا شیڈول طے کیاگیا ہے۔
ویمنز ٹیم کو بھی اس نوعیت کے مواقع فراہم کرینگے، انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کیلیے میدان میں اتارنے سے قبل نئے ٹیلنٹ کو انٹرنیشنل سطح پر مقابلوں کا تجربہ دلانا اشد ضروری ہے،امید ہے کہ دیگر ملک بھی اپنی اے ٹیموں کو پاکستان بھجوانے کا فیصلہ کرینگے جس سے نوجوان پلیئرزکو صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ زمبابوے کے دورے سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہیں کھل گئیں، اچھے ماحول میں سیریز نے سیکیورٹی خدشات ختم کر دیے، انھوں نے تصدیق کی کہ ممکنہ ٹور کے حوالے سے سری لنکا سے رابطے میں ہیں۔
بورڈ کے سربراہ کے بیان کو دیکھتے ہوئے سیریز کے امکانات انتہائی روشن ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان نے زمبابوین ٹیم کے دورے کے موقع پر سری لنکن بورڈ کی عبوری کمیٹی کے چیئرمین سداتھ ویٹمنی کو بطور مہمان بلایا تھا۔ شہریار خان نے کہا کہ مہمان آفیشل سیکیورٹی، شائقین کی تعداد اور جوش و جذبے کو دیکھ کر بہت متاثر ہوئے تھے، ہم سری لنکن ٹیم کے دورے کیلیے پُرامید ہیں لیکن ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
668 total views, no views today


