مینگورہ،چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کی ترجیحات میں تعلیم اور صحت کو اولین حیثیت حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں کی جانے والے تعمیرات میں مستقبل کی تمام ضروریات کا خیال رکھا جاتا ہے اور قومی خزانہ کے ایک ایک پیسہ کے ذریعے معیار ی تعمیر کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔وہ اتوار کے روز ملابا با گرلز پرائمری سکول مینگورہ کی سنگ بنیاد کی تقریب کے موقع مختصر اظہار خیال کررہے تھے۔ تقریب میں نومنتخب تحصیل کونسلر زاہد خان کے علاوہ معززین شہر نے شرکت کی ۔ چیئرمین ڈیڈک نے کہا کہ صحت و تعلیم کے علاوہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے تمام محکموں خصوصاً محکمہ تعلیم میں میرٹ پر بھرتیا ں لازمی قرار دیکر قوم کی مستقبل کو شاندار بنانے کے سفر کا عمل شروع کیا ہے ۔ اسی طرح انہوں نے بتایا کہ عوام کو مقامی سطح پر اپنے تقدیر کا مالک بنانے کیلئے بے مثال بلدیاتی نظام رائج کیا جارہا ہے جس کے دور رس نتائج بہت جلد نظر آنا شروع ہونگے ۔ اس موقع پرمنصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایس ڈی او بلڈنگ سی این ڈبلیو فرمان خٹک نے بتایا کہ چھ کمروں پر مشتمل عمارت کی دو منزلیں ہوں گی جن میں تین تین کمرے تعمیر کئے جائیں گے ۔ اس عمارت کی کل لاگت 95 لاکھ روپے ہے ،یہ رواسال دسمبر تک مکمل ہوجائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ زمین کی کمی کی وجہ سے یہ سکول موجودہ بوائز پرائمری سکول کی اضافی زمین پر تعمیر کیا جارہا ہے ، جسکے بعد دونوں سکول الگ کردیئے جائیں گے ۔قبل ازیں چیئرمین ڈیڈ ک نے تختی کی نقاب کشائی کرکے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا اور جاری کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عمارت کی تعمیر میں اعلیٰ ترین معیار کا میٹیرئل استعمال کیا جائے اور اس سلسلے میں شکایت کا موقع نہ دیا جائے ۔
574 total views, no views today


