سوات،یونیورسٹی آف سوات کے وائس چانسلر پروفیسر محمد جہان زیب خان نے گذشتہ روز اوڈیگرام کیمپس میں طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکو مت نے یونیورسٹی آف سوات کے لئے 1500ملین روپے میں سے 100ملین روپے کی پہلی قسط یونیورسٹی آف سوات کو جاری کر دی ہے۔ توقع ہے کہ جون 2014تک یونیورسٹی آف سوات کی مین کیمپس کی تعمیر کامرحلہ شروع کر دیا جائے گا۔
ابتدائی مر حلے میںیونیورسٹی تک جانے کے لئے اپروچ روڈ، مین گیٹ اور چار دیواری کی تعمیر شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بقایا فنڈز ریلیز ہوتے ہی یونیورسٹی کی تعمیراتی کام کے دوسرے مرحلوں پر بھی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امسال 20 فیکلٹی ممبرز کو سکالرشپس پروگرام کے تحت پی ایچ ڈی کے لئے بیرون ملک بھیجا جائے گا۔ جبکہ اگلے سال مزید30فیکلٹی ممبرز کو پی ایچ ڈی کے لئے بھیجیں گے۔ وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف سوات نے مختلف جامعات کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے ہیں۔ جس سے یونیورسٹی آف سوات کے فیکلٹی ممبران اور طلبہ کو بہت فائدہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف سوات نے طلبہ کوٹرانسپورٹ کی بہتر سہولت دینے کے لئے 04نئی بسیں خریدی ہیں جو جلد یونیورسٹی پہنچ جائیگی۔
423 total views, 1 views today