اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت دیانتداری سے کام کر رہی ہے اور اب ترقیاتی منصوبوں میں پیسہ کھانے کا رجحان نہیں اس لئے قوم کا سرمایہ ضائع کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔اسلام آباد میں ایکسپریس وے سنگل فری توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بجھانا حکومتی ایجنڈے میں شامل ہے، ایکسپریس وے سنگنل فری منصوبہ معیار میں موٹروے سے کم نہیں ہوگا
جو کہ 24 کلو میٹر طویل ہے تاہم یہ منصوبہ بہت پہلے شروع ہوجانا چاہیئے تھا جس پر ماضی میں کام نہیں کیا گیا، تعمیراتی منصوبوں میں ماضی کی غلطیوں کا ازالہ ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ ملکی خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب ہونا چاہیئے اور کشمیرایکسپریس وے میں ہونے والے گھپلوں کی تحقیقات ہونی چاہییں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر بجلی کے منصوبوں پرتوجہ دے رہی ہے اور 2017 تک بجلی کے بحران پر قابو پالیا جائے گا جب کہ یہ کبھی نہیں کہا کہ بجلی کا مسئلہ 6 ماہ میں حل کرلیں گے بلکہ میں نے کہا تھا 5 سال میں بجلی کی کمی اورلوڈ شیڈنگ ختم کردیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے معاملات ٹھیک کرنے کا عزم جاری ہے، کل کراچی جا رہا ہوں جہاں عوام کو خوشخبری دینی ہے جب کہ کراچی میٹرو بس منصوبے کے لیے ابتدائی رقم مختص کردی گئی ہے۔
319 total views, no views today


